متعدد کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کراچی کے علاقے کو مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ

سول ایوی ایشن کالونی کو مکمل طور پر سیل کر کے قرنطینہ میں تبدیل کر دیا گیا، رہائشیوں کو 14 روز کیلئے گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت

muhammad ali محمد علی پیر 6 اپریل 2020 22:52

متعدد کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کراچی کے علاقے کو مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ
کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-06 اپریل2020ء) متعدد کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کراچی کے علاقے کو مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ، سول ایوی ایشن کالونی کو مکمل طور پر سیل کر کے قرنطینہ میں تبدیل کر دیا گیا، رہائشیوں کو 14 روز کیلئے گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت، علاقے کو مکمل سیل کرنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جس کے بعد پولیس کا گشت جاری ہے، علاقے میں جراثیم کش سپرے کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے تا کہ مزید لوگ اس سے متاثر ہونے سے بچ سکیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ کراچی کا ایک اور علاقہ ڈسٹرکٹ ملیر قائد آباد اور گلستان سوسائٹی میں 9 کرونا پوزیٹو کیسز سامنے آئے ہیں۔ کیسز سامنے آنے کے بعد قائد آباد سمیت ملحقہ علاقے میں سرکاری و نجی ہسپتالوں میں او پی ڈیز کو فوری طور بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں لوکل ٹراسمیشن سے کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد اپیل کی گئی ہے کہ عوام سماجی روابط کو انتہائی کم کرتے ہوئے حکومت سندھ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھروں میں رہیں۔

واضح رہے کہ سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 900 سے تجاوز کرگئی ہے جس میں سب سے زیادہ کیسز کراچی سے رپورٹ ہوئے اور صوبے بھر میں اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی شہر قائد میں ہی سامنے آئی ہیں۔پورے ملک میں سب سے پہلے سندھ میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد میں کمی بھی نظر آئی تھی۔ جبکہ ابھی تک پاکستان میں کرونا وائرس متاثرہ افراد کی تعداد 3200 سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ اس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 52 ہے۔
                                          

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں