ڈالر 27پیسے مزید مہنگا ہو گیا، انٹر بینک مارکیٹ میں 167 روپے 25 پیسے پر فروخت

ڈالر کی قیمت میں اضافے سے پاکستان پر قرضوں کے بوجھ میں 850 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 7 اپریل 2020 13:14

ڈالر 27پیسے مزید مہنگا ہو گیا، انٹر بینک مارکیٹ میں 167 روپے 25 پیسے پر فروخت

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07اپریل2020ء) : ڈالر 27پیسے مزید مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 167 روپے 25 پیسے پر فروخت ہورہا ہے جبکہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے پاکستان پر قرضوں کے بوجھ میں 850 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور ایسی صورتحال میں لاک ڈاﺅن کے باعث روپے کی قدر پر بھی دباﺅ بڑھ رہاہے اور ڈالر آئے روز مہنگا ہوتا چلا جارہاہے اور اب انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 27 پیسے اضافہ ہو گیاہے جس کے بعد ڈالر انٹر بینک مارکیٹ میں 167 روپے 25 پیسے پر فروخت ہو رہاہے ۔

لاک ڈاﺅن کے باعث روپے پر دباﺅ بڑھ رہاہے اور اب تک روپے کی قدر میں 5.4 فیصدکمی واقع ہو چکی ہے ، 17 روز کے دوران ڈالر 8 روپے 58 پیسے مہنگا ہواہے ، ڈالر کی قیمت میں اضافے سے قرضوں کے بوجھ میں 850 ارب روپے اضافہ ہو گیاہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں حالات کچھ بہتری کی جانب گامزن دکھائی دیتے ہیں ، آج صبح سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہواتو انڈیکس 30 ہزار 579 کی سطح پر تھا تاہم کچھ ہی دیر میں اس میں بہتری آنا شروع ہو گئی ۔

سٹاک مارکیٹ میں اس وقت 311 پوائنٹس کا اضافہ ہواہے جس کے بعد انڈیکس 30 ہزار 890 کی سطح پر پہنچ گیاہے ۔فوریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید177روپے اور قیمت فروخت 179روپے ہوگئی .برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 200روپے اور قیمت فروخت 202روپے جب کہ سعودی ریال کی قیمت خرید 42روپے اور قیمت فروخت 42.40روپے ہوگئی اسی طرح یوے ای درہم کی قیمت خرید 43.50روپے اور قیمت فروخت 44روپے اور چینی یو آن کی قیمت خرید 21.40روپے اور قیمت فروخت 22.40روپے ہوگئی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں