کراچی، انیس قائم خانی نے پاکستان ہاؤس حیدرآباد میں قائم امدادی مرکز کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

بدھ 8 اپریل 2020 01:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اپریل2020ء) پاک سر زمین پارٹی کی فلاحی تنظیم پاک سر زمین فاؤنڈیشن کے تحت کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی غریب بستیوں اور سفید پوش خاندانوں میں راشن اور اشیائے ضرورت کی فراہمی کا سلسلہ پچھلے بیس دنوں سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں صدر پاک سر زمین پارٹی انیس قائم خانی نے پاکستان ہاؤس حیدرآباد میں قائم امدادی مرکز کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر صدر انیس قائم خانی نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف عہدیداران اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت زدہ انسانوں کی خدمت رضائے الٰہی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، پی ایس پی مذہب ،نسل اور زبان کی تفریق سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان اپنی زندگیوں کی پروا کئے بغیر مصبیت میں پھنسے اپنے ہم وطنوں کے کام آرہے ہیں ، جسکی جزا ہم فقط اپنے پروردگار سے طلب کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انیس قائم خانی نے پی ایس پی کے ہر ذمہ دار اور کارکن کو دل کی گہرائیوں سے شاباش اور خراج تحسین بھی پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس پی باقاعدہ ایک فارمولے اور پلاننگ کے تحت غریب اور سفید پوش گھرانوں کی شناخت کر کے انکے گھروں کی دہلیز تک راشن اور اشیائے ضرورت پہنچا رہی ہیں۔ صدر انیس قائم خانی نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ پاک سر زمین فاؤنڈیشن کے ساتھ ذیادہ سے ذیادہ مالی تعاون کریں تاکہ ہم اس مالی تعاون کے زریعے اور وسیع پیمانے پر ضرورت مند خاندانوں تک امداد پہنچا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مخیر حضرات اور عوام اپنے عطیات پی ایس پی حیدر آباد کے مرکز مکان نمبر: 245 بلاک ڈی، یونٹ نمبر 6 لطیف آباد حیدرآباد یا آئی بی اے این نمبر: PK08HABB0000277901235603،ایچ بی ایل بینک نرسری برانچ کے اکاؤنٹ نمبر: 00277901235603، برانچ کوڈ نمبر:0027 میں جمع کراسکتے ہیں۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں