گورنرسندھ کی زیر صدارت وزیراعظم کے احساس پروگرام کے حوالہ سے اجلاس

احساس پروگرام کے طریقہ کار کو مزید سہل اور شفاف بنانے کے اقدامات پر غور

بدھ 8 اپریل 2020 23:18

ِکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2020ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت وزیراعظم کے احساس پروگرام کے حوالہ سے گورنرہاؤس میں اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ویڈیو لنک کے ذریعہ اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے فردوس شمیم نقوی ، حلیم عادل شیخ ، خرم شیر زماں ، اشرف قریشی ، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے حسنین مرزا،نند کمار ، سردار محمد رحیم اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے فیصل سبزواری ، کشور زہرہ اور محمد وسیم بھی شریک تھے۔

اجلاس میں احساس پروگرام کے طریقہ کار کو مزید سہل اور شفاف بنانے کے اقدامات پر غورکیاگیا۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث صوبہ میں لاک ڈاؤن جاری ہے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے سب سے زیادہ متاثر ہیں ایسے افراد تک راشن پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں وزیراعظم کے احساس پروگرام کے ذریعہ مستحق افراد کی مالی مددبھی کی جارہی ہے جس سے مستحق افراد کو ریلیف حاصل ہورہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو نقد رقم کی تقسیم کا فیصلہ ایک انقلابی اقدام ہے وزیراعظم احساس کیش کے ذریعہ غربت اور مستحق افراد کی مشکلات کم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس اور غربت کے خلاف مشترکہ حکمت کے مثبت اثرات مرتب ہونگے عوام گھروں میں رہ کر کرونا وائرس کو شکست دینے میں حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ ممالک میں غربت کے باعث زیادہ گھمبیر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن وزیراعظم اور ان کی ٹیم کرونا وائرس اور غربت کے خلاف پر عزم ہیں۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں