کورونا وائرس کے پیش نظر شب برات کی عبادت گھروں میں کریں

وزیراعلی سندھ کی عوام سے اپیل

بدھ 8 اپریل 2020 23:31

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شب برائت کی عبادت گھروں میں کریں ۔ بدھ کو شب برائت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلی سندھ نے اس بابرکت ماہ کی رات کو مغفرت اور رحمت کا ذریعہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ رب العزت ہماری دھرتی کو شاد آباد رکھے اور مصیبتوں سے نجات عطا فرمائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے کہا کہ عوام سے گزارش کرتا ہوں کہ شب برائت پر اپنے گھروں میں رہتے ہوئے بزرگوں اور ملک و قوم کیلئے دعائیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج رات اپنے پیاروں جو اس فانی جہاں کو چھوڑ کر مالک حقیقی سے جا ملے ہیں ان کی مغفرت کیلئے گھروں میں بیٹھ کر دعا کریں اور ہم سماجی فاصلہ اختیار کرتے ہوئے ہی کورونا وائرس سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے رب کریم سے دعا کی کہ ہمیں نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے علماء کرام سے درخواست بھی کی ہے کہ وہ ٹی وی چینلز کے ذریعے شب برائت کی فضیلت پر بات کریں۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام سے گزارش ہے کہ سماجی دوری اختیار کریں اور گھروں میں رہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں