اہلیان کراچی مایوس نہ ہوں ،امید کا دامن تھامیں رکھیں ،اللہ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش کا وقت ہے ،وہی ہمیں اس آزمائش سے نکالے گا،میئر کراچی

اللہ تعالیٰ ہم سے ناراض نہیں ہیں، بہت جلد ہمیں اس وباء سے نکالیں گے، شہری گھروں میں رہیں اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کو ہر صورت میں یقینی بنائیں،وسیم اختر

جمعرات 9 اپریل 2020 00:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2020ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کے ایم سی کے قبرستانوں میں گورکن کو خصوصی حفاظتی لباس مہیا کردیئے گئے ہیں تاکہ ان قبرستانوں میں تدفین کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے، یہ بات انہوں نے کے ایم سی کے قبرستانوں کے عملے کے لئے خصوصی حفاظتی لباس اور سامان انچارج قبرستان اقبال پرویز کے حوالے کرتے ہوئے کہی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹرسلمیٰ کوثر بھی اس موقع پر موجود تھیں، میئر کراچی نے کہا کہ شب برأت کے موقع پر مکمل لاک ڈاؤن کی وجہ سے تمام قبرستانوں کو بند رکھا گیا تھا تاکہ وہاں مجمع جمع نہ ہو اور شہریوں کے بہتر مفاد میں یہی تھا کہ وہ گھروں میں رہ کر عبادات کریں، انہوں نے کہا کہ قبرستانوں کے باہر اس سال مختلف اشیاء کے اسٹال نہیں لگائے گئے اور اس وجہ بھی مکمل لاک ڈاؤن پر عمل کرنا تھا، میئر کراچی نے کہا کہ شہریوں نے شب برأت کے موقع پر جس طرح قبرستان کے عملے سے تعاون کیا اس کے لئے میں ان کا شکر گزار ہوں، میئر کراچی نے کہا کہ اس مشکل ترین وقت سے نکلنے کے لئے اہلیان کراچی نے خصوصی دعائیں کریں میئر کراچی نے کہا کہ اگر اسی طرح لوگ حکومت سے تعاون کرتے رہے تو مجھے یقین ہے کہ ہم جلد معمول کی زندگی کی طرف لوٹ آئیں گے، انہوں نے کہا کہ اہلیان کراچی کسی بھی طرح مایوس نہ ہوں اور امید کا دامن تھامیں رکھیں یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش کا وقت ہے اور بے شک وہی ہمیں اس آزمائش سے نکالے گا، انہوں نے کہا کہ موسم بہار کی آمد سے پودوں اور درختوں پر پھول کھلنے کا عمل ہمیں یہ بتا رہا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سے ناراض نہیں ہیں، بہت جلد ہمیں اس وباء سے نکالیں گے، میئر کراچی نے شہریوں سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ گھروں میں رہیں اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کو ہر صورت میں یقینی بنائیں، انہوں نے انچارج قبرستان کو ہدایت کی کہ وہ معمول کی تدفین کے عمل کو جاری رکھیں اور شہریوں سے تعاون کریں، انہوں نے قبرستان میں جنازے کے ساتھ صرف قریبی رشتہ دار وں کو ہی داخل ہونے کی اجازت ہے اس لئے زیادہ تعداد میں افراد جنازے کے ساتھ قبرستان نہ آئیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں