بھارتی قابض فوج کے مظالم کشمیریوں کے جذبے کو شکست نہیں دے سکتے، خرم شیرزمان

پیر 25 مئی 2020 20:25

کراچی۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2020ء) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیرزمان نے کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قابض فوج کا ظلم کشمیر کے مسلمانوں کے جذبے کو مات نہیں دے سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے دوسرے دن پیر کو جاری کردہ اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ آر ایس ایس کا نظریہ گاندھی اور نہرو کے فلسفے پر غالب آچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری نہتے اور مظلوم ضرور ہیں مگر ان کے حوصلے بلند ہیں، برلن کی دیوار کی طرح بھارتی ظلم و جبر کی دیوار بھی ضرور گرے گی۔ خرم شیرزمان نے کہا کہ بھارتی قابض فوج کشمیر میں ہر روز عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہی ہے، بھارت مظالم کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کا مقدمہ عالمی اور مقامی فورمز پر لڑرہا ہے اور پاکستان آئندہ بھی مظلوم کشمیریوں کے ساتھ سیاسی و سفارتی تعاون جاری رکھے گا اور دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرتا رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کی آواز سنیں اور بھارت کو مظالم سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کے لئے کی جانے والی جدوجہد کی حمایت کرتا رہے گا ۔ خرم شیرزمان نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ سرینگر ، جموں کشمیر میں خواتین پر تشدد کے واقعات کا نوٹس لیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں