افسوناک سانحہ پر شہداء کے لواحقین کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک

طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے 63مسافروں کی میتیں لواحقین کے حوالے کی جا چکی ہیں

ہفتہ 30 مئی 2020 23:34

کراچی۔30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2020ء) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی ای) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک نے لاہور میں پی آئی اے طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے پی آئی اے کارکنان کے اہل خانہ سے ملاقات کی ،ان سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ ہفتہ کو یہاں جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر ارشد ملک نے کہا کہ اس افسوناک سانحہ کے موقع پر وہ ذاتی طور پر اور پی آئی اے بطور ایک خاندان شہداء کے لواحقین کے غم میں برابرکے شریک ہیں اور ان سے جو مدد اور خدمت ممکن ہو سکی وہ شہداء کے اہل خانہ کے لئے انجام دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے کارکنان ہمارے پی آئی اے خاندان کا حصہ اور میرے بیٹے اور بیٹیاں تھے جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کیا ۔

(جاری ہے)

طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے 63مسافروں کی میتیں ہفتہ کی شام تک لواحقین کے حوالے کی جا چکی ہیں ۔ ہفتہ کو شہداء کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی گئی۔ا سکواڈرن لیڈر زین العارفین کی نماز جنازہ کورنگی کریک میں پاکستان ائیر فورس کے تمام اعزازات کے ساتھ ادا کی گئی ۔

جس میں پی آئی اے کے چیف ٹیکنیکل آفیسر نے پی آئی اے اسکائوٹس کے ہمراہ شرکت کی ۔ سینئر صحافی انصار نقوی اور مسافروں اسمعیل فاروقی، عالین فاروقی اور کاشف افضال کی نماز جنازہ میں بھی پی آئی اے کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی ۔کراچی سے لاہور کے لئے 6 جسد خاکی روانہ کئے گئے ۔کراچی ائیر پورٹ پر پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور چیف سیکورٹی آفیسر نے جسد خاکی لاہور روانہ کئے۔

لاہور ائیر پورٹ پر پی آئی اے ملازمین کی بڑی تعداد اپنے شہید ساتھیوں معان پائلٹ عثمان اعظم ، فلائٹ ا سٹیورڈ عبدالقیوم اشرف اور ائیر ہوسٹس آمنہ عرفان کے جنازہ میں شرکت کے لئے موجود تھی ۔ پی آئی اے ملازمین اپنے ساتھیوں کی میتیں دیکھ کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے ۔لاہور پہنچنے والی میتیوں کی نماز جنازہ لاہور ائیر پورٹ پر ادا کی گئی ۔ پی آئی اے افسران نے شہداء کے جسد خاکی کے ساتھ ان کے گھروں تک پہنچائے اور ان کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں