ضلع شرقی میں نالہ صفائی کے کام تیزی سے جاری، چوکنگ پوائنٹس کو خصوصی طور پر کلئیر کیا جارہا ہے

متوقع برسات کے پیش نظر ضلعی اختیارات کے تحت نالوں کی صفائی تیزی سے مکمل کی جا رہی ہے۔معید انور

اتوار 31 مئی 2020 23:45

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2020ء) چیئرمین ڈی ایم سی ایسٹ معید انور کی ہدایت پر متوقع برسات کے پیش نظر بڑے پیمانے پرضلع شرقی میں نالہ صفائی کا کام تیزی سے سر انجام دیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں اختر کالونی، کشمیر کالونی،گلستان ظفر، پی ای سی ایچ ایس،نرسری مارکیٹ، شاہراہ قائدین،علامہ اقبال روڈ، گرومندر، جہانگیر روڈ، یونیورسٹی روڈ ودیگر جگہوں پر نالوں کی صفائی کے ساتھ ڈی سلٹنگ کا عمل بھی جاری ہے جبکہ ان پوائنٹس کو خصوصی طور پر صاف کیا جا رہا ہے جہاں برساتی پانی جمع ہونے کا اندیشہ ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق معید انور نے کہا ہے کہ متوقع مون سون سیزن میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے برساتی نالوں کی صفائی کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے اور کوشش کررہے ہیں کہ جب بھی برسات ہو نکاسی آب کے امور سر انجام دینے میں کسی قسم کی مشکل درپیش نہ آئے، جمشید زون میں کئی نالے ہیں جن کی صفائی کے کام تیزی سے سر انجام دئیے جا رہے ہیں، جو نالے ہمارے دائرہ اختیار میں ہیں ان کی صفائی کا کام جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا، گزشتہ برسات میں جو مسائل ہمارے سامنے آئے تھے اس تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے آئندہ مون سون کیلئے تیاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں