سندھ حکومت نے کاروباری اوقات میں اضافے کا اعلان کردیا

صوبے میں صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کاروباری سرگرمیوں کی اجازت ہوگی، باضابطہ نوٹی فکیشن جاری

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 1 جون 2020 23:58

سندھ حکومت نے کاروباری اوقات میں اضافے کا اعلان کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 جون2020ء) سندھ حکومت نے کاروباری اوقات میں اضافے کا اعلان کردیا، حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کاروباری سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے، شادی ہالز، ریسٹورینٹس، اسپورٹس کلبس تاحالبند رہیں گے۔ اس کے علاوہ صوبے میں سنیما، تھیٹر، بیوٹی پارلرز، جلسے جلوس اور دیگر عوامی اجتماعات پر بھی پابندی برقرار رہے گی تاہم محکمہ داخلہ نے صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے نئے اوقات کار بھی جاری کردیے ہیں جس کے تحت اب صوبے میں کاروباری سرگرمیاں صبح 6 بجے سے شام بجے کے بجائے شام 7 بجے تک جاری رہیں گی جب کہ یہ اجازت پیر سے جمعہ تک ہی ہوگی۔

محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کسی بھی وقت کسی بھی علاقے میں سرگرمیوں کو مکمل محدود کرسکے گی، کورونا کیسز میں اضافے پر ہاٹ اسپاٹ ایریاز کو سیل کیا جاسکے گا، گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کیا جائے، عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے صوبائی محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ سروس کے آغاز سے قبل ٹرانسپورٹرز ایس اوپیز پر عمل کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ اجلاس کریں گے۔

دوسری جانب وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جون کے مہینے کا آغاز کورونا وائرس میں مبتلاء 22 مریضوں کی موت اور 1402 نئے کیسز کی تشخیص سے ہوا ہے۔ پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد 503 ہوگئی ہے اور کیسز کی تعداد 29647 ہوگئی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 6289 نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 1402 کیسز سامنے آئے یعنی کیسز کی شرح 22.3 فیصد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت نے اب تک 187092 ٹیسٹ کئے جن میں سے 29647 کیسز کا پتہ چلا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ مزید 22 مریض کورونا وائرس کے باعث دم توڑ گئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد 503 ہوگئی ہے جو کہ 1.7 فیصد بنتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 342 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ، ان میں سے 71 وینٹیلیٹرز پر ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں