گورنرسندھ نے کورونا میں مبتلاء مریضوں کے لئے پلازما عطیہ کرنے کا اپنا وعدہ پورا کردیا

جمعہ 5 جون 2020 22:15

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کورونا مریضوں کے لئے گورنر ہائوس میں اپنا پلازما کا عطیہ دے دیا ۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق نیشنل انسٹیٹوٹ آف بلڈ ڈیزیزز(این آئی بی ڈی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر شمسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ گورنر سندھ نے کورونا وائرس کے باعث 17 دن قرنطینہ میں گذارے تھے اور صحت یابی کے بعداپنا پلازما عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

گورنرسندھ نے کہا کہ کورونا کے مریضوں کو اس سے صحت یاب افراد کا پلازما لگانے کے حوصلہ افزانتائج برآمد ہوئے ہیں اس لئے میری اپیل ان لوگوں سے ہے جنہیں کورونا ہوا اور وہ اس سے صحت یاب ہو چکے ہیں ،کہ وہ اپنا پلازما ضرور عطیہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیسو ایمیونائزیشن طریقہ علاج کے ذریعہ کورونا کے مریضوں کی جان بچائی جاسکتی ہے،ڈاکٹر طاہر شمسی اس طریقہ علاج کے لئے مبارکباد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے کہا کہ ہمیں کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگااس ضمن میں کورونا سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ نیشنل انسٹیٹوٹ آف بلڈ ڈیزیزز کے سربراہ ڈاکٹر طاہر شمسی نے کہا کہ آج گورنرسندھ نے اپنے وعدہ کے مطابق پلازما عطیہ کیا ،اس اقدام سے کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کو بھی پلازما دینے کی ترغیب حاصل ہوگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلازما لگائے جانے والے کورونا کے 80 فیصد مریض وینٹیلیٹر پر جانے سے محفوظ رہتے ہیں ایک صحت مند فرد کا پلازما دو مریضوں کو لگایا جاسکتا ہے اوردنیا کے کئی ممالک میں بھی پیسو ایمیونائزیشن کو کورونا کے مریضوں پر استعمال کیا جارہا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں