پاک بحریہ نے ماحول کا عالمی دن منایا

صاف فضاء کی افادیت کو اجاگر کرنے اور ماحول کی حفاظت و بقا کی آگہی کے لئے پاک بحریہ نے ماحول کا عالمی دن منایا

جمعہ 5 جون 2020 22:23

پاک بحریہ نے ماحول کا عالمی دن منایا
کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون2020ء) صاف فضاء کی افادیت کو اجاگر کرنے اور ماحول کی حفاظت و بقا کی آگہی کے لئے پاک بحریہ نے ماحول کا عالمی دن منایا۔ اقوامِ متحدہ کے انوائرمنٹ پروگرام(UNEP) کے تحت ہر سال 5 جون کو دنیا بھر میں ماحول کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔اس دن کو منانے کا مقصد صاف ماحول کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ماحول کے تحفظ و بقاء کے لئے غوروخوض اور کاوشوں کوتحریک دینا ہے۔


اس سال کے ماحول کے عالمی دن کا موضوع '' حیاتیاتی نظام کا تنوع '' ہے جو کرہ ارض پر بسنے والے تمام جاندار اشیاء کی بقائکے لیے اہم اکائی ہے۔ حیاتیاتی تنوع انسانی صحت کے ہر پہلو پر اثر انداز ہوتا ہے۔ صاف ہوا, شفاف پانی,غذائیت سے بھرپور خوراک، قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام سب اس کے مرہون منت ہیں۔

(جاری ہے)

انسانی افعال بشمول جنگلات کی کٹائی، جنگلی حیات کی آماجگاہوں کا خاتمہ، زراعت میں شدت کے ساتھ اضافہ اور تیزی کے ساتھ بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلییوں نے فطری نظام کو شدید متاثر کیا ہے۔

اگر انسانی طرز عمل یہی رہا تو حیاتیاتی نظام کے تنوع کو پہنچنے والا نقصان نہ صرف انسانیت کے لئے شدید مشکلات کا باعث ہوگا بلکہ خوراک اور صحت کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو جائے گا۔
پاک بحریہ ماحول کا عالمی دن تسلسل کے ساتھ مناتی ہے تاکہ اس دن کی افادیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ عوام الناس میں بالخصوص آبی ماحول کے حوالے سے آگہی کو فرو غ دیا جاسکے۔

رواں سال پاک بحریہ کی جانب سے ماحول کے تحفظ کے لیے متعددد اقدامات کیے گئے۔ جن میں شجرکاری، بندرگاہوں اور ساحل کی صفائی کی مہمات، ماحول کے متعلق آگہی واک، دن کی اہمیت کے متعلق سیمینارز اور لیکچرز کا انعقاد اور سوشل میڈیا مہم شامل ہیں۔کورونا وائرس وباء سے پیدا ہونے والے بحران کے پیش نظر سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے آگہی مہم کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے جن میں بینرز آویزاں کرنا، پیمفلیٹس کی تقسیم، آگہی پر مبنی آرٹیکلز کی اشاعت اور موضوع کی مناسبت سے دستاویزی فلمیں نشر کرناشامل ہے۔

اس طرز کی سرگرمیاں عام لوگوں میں شعوروآگہی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
عالمی یومِ ماحول کے دن پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں صاف اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے خصوصاً آبی ماحول کی بہتری اور تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی ہر ممکن کوشش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ نیول چیف نے زیر کمان تمام افسران اور جوانوں کو بھی ماحول کو محفوظ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور اس عہد کی تجدید کی کہ پاک بحریہ اپنے فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ماحول کے تحفظ کے لیے بھی اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں