ہم مزید مریضوں کو داخل کرنے سے قاصر ہیں، انڈس ہسپتال انتظامیہ نے نوٹس آویزاں کر دیا

انڈس ہسپتال کی کورونا مریضوں کے لئے وارڈ اور ان پیشنٹ یونٹ بھر چکے ہیں، ہمارے پاس اور مریضوں کے لئے جگہ نہیں ہے، ہم معذرت خواہ ہیں لیکن ہم مزید مریضوں کو داخل کرنے سے قاصر ہیں، نوٹس

Khurram Aniq خُرم انیق ہفتہ 6 جون 2020 11:52

ہم مزید مریضوں کو داخل کرنے سے قاصر ہیں، انڈس ہسپتال انتظامیہ نے نوٹس آویزاں کر دیا
کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-06جون2020ء) کراچی میں کورونا مریضوں کی بھرمار کے بعد انڈس ہسپتال نے کورونا کے مزید مریض داخل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس حوالے سے انڈس ہسپتال انتظامیہ نے ہسپتال کے باہر نوٹس آویزاں کر دیا ہے جس میں واضح طور پر لکھ دیا گیا ہے کہ انڈس ہسپتال کی کورونا مریضوں کے لئے وارڈ اور ان پیشنٹ یونٹ بھر چکے ہیں، ہمارے پاس اور مریضوں کے لئے جگہ نہیں ہے، ہم معذرت خواہ ہیں لیکن ہم مزید مریضوں کو داخل کرنے سے قاصر ہیں۔

خیال رہے کہ انڈس اسپتال کو سندھ حکومت کی جانب سے حفاظتی کٹس بھی فراہم کی گئی تھیں اور سندھ حکومت کے ساتھ مشترکہ طور پر کورونا مریضوں کو طبی سہولیات بھی فراہم کی جارہی تھیں، اب جو مریض اسپتال میں داخل ہیں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جائے گی مگر نئے مریضوں کے لیے اب یہاں جگہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

کراچی سمیت پاکستان بھر میں کورونا کی صورتحال سنجیدہ ہوتی جا رہی ہے جس کے بعد مزید مشکلات پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔

چند دن قبل سندھ کے ڈاکٹروں کی جانب سے یہ بات پہلے ہی واضح کر دی گئی تھی کہ سندھ میں 85 فیصد بیڈز پر مریض موجود ہیں، ہمارے پاس اور جگہ نہیں ہے کہ ہم مزید مریضوں کا علاج کر سکیں۔ ڈاکٹروں کی جانب سے وبا کی ابتدائی دنوں سے ہی آگاہ کیا جاتا رہا ہے لیکن اس حوالے سے بروقت اقدامات نہیں کئے گیئے اور عید سے قبل لاک ڈاؤن کر دیا گیا جس کے نتائج اب مریضوں کی بڑی تعداد میں سامنے آ رہے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 93 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ پاکستان میں مہلک وائرس سے مجموعی طور پر 93 ہزار 606 افراد متاثر جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 32 ہزار سے زائد ہے جبکہ ابھی تک مجموعی اموات کی تعداد 1935 ہو چکی ہے

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں