کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کل سے دکانیں کھولنے کا اعلان

حکومتی لاک ڈاؤن ہمارے ذریعہ معاش کیلئے کریک ڈاؤن ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت نے کاروبار بند کیا لیکن کوئی ریلیف پیکج نہیں دیا۔ الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کےعہدیداروں کا متفقہ فیصلہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 2 جولائی 2020 18:08

کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کل سے دکانیں کھولنے کا اعلان
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 2 جولائی 2020ء) کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کل سے دکانیں کھولنے کا اعلان کردیا، حکومتی لاک ڈاؤن ہمارے ذریعہ معاش کیلئے کریک ڈاؤن ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت نے کاروبار بند کیا لیکن کوئی ریلیف پیکج نہیں دیا۔ کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کےعہدیداروں نے کل سے اپنی دکانیں کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے تاجروں کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا جبکہ لاک ڈاؤن لگا کر ساڑھے 3 ماہ سے ہمارے کاروبار بند کیے ہوئے ہیں۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے رہائشی علاقے کھولے جا رہے ہیں جبکہ تجارتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔ کاروبار پر پابندیاں لگا کر کورونا پر قابو نہیں پایاجاسکتا۔

(جاری ہے)

تاجربرادری کل سے کاروبار اور دکانیں کھول دیں گے، تاجروں کی گرفتاریاں اور جرمانے کیے گئے تو سخت مزاحمت کریں گے۔ اسی طرح کراچی میں شادی ہال اونرز ایسوسی ایشن نے لاک ڈان میں توسیع کے باوجود شادی ہالز کو تقاریب کی اجازت نہ ملنے پر اسے مزدوروں کی مشکلات میں اضافہ کا سبب قرار دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں شادی ہال کو اجازت نہ دینے پر افسوس ہے، ہماری بار بار اپیل کے باوجود سندھ حکومت نے شادی ہال کے معاملے پر نظر ثانی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری لیبر بے روزگار ہے اور نوبت نوبت فاقوں تک آگئی ہے، تمام اخراجات اپنی جگہ پر موجود ہیں جبکہ آمدنی کوئی نہیں یہی صورتحال رہی تو شادی ہال مالکان دیوالیہ ہوجائیں گے۔

دوسر ی جانب لاہور میں تاجر رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اندرون شہر اور دیگر علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث مارکٹیں بند ہیں جس سے معاشی قتل کیا جا رہا ہے، حکومت اجازت دے ورنہ 3 جولائی سے مارکیٹیں کھول دی جائیں گی۔ اس سے پہلے حکومت پنجاب نے بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن میں 15 جولائی تک توسیع کردی ہے اور کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا ہوا ہے جس میں ضروری اشیاء کے سامان والی دکانیں اور اسپتال وغیرہ کھلے رکھنے کی اجازت ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں