وزیراعلی سندھ کا 8672 آئسولیشن بیڈز کو ایچ ڈی یو بیڈز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 4 جولائی 2020 23:00

کراچی۔ 4 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2020ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے 8672 آئسولیشن بیڈز کو دو سے زائد مراحل میں ایچ ڈی یو بیڈز میں تبدیل کرنے اور زیادہ وینٹی لیٹرز اور معیاری آکسیجن انتظامات والے ایچ ڈی یو بیڈز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے ہفتے کے روز وزیراعلی ہائوس میں COVID-19 کے ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں صوبائی وزرا ، میئر کراچی ، چیف سیکرٹری ، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری، ڈی جی رینجرز ، آئی جی سندھ ، کور 5 کے بریگیڈ حسین ، کمشنر کراچی ، صوبائی سیکرٹریز ، ڈبلیو ایچ او ، ایف آئی اے ، پاکستان نیوی ، یونیسف کے نمائندوں ، ڈاکٹر فیصل ، ڈاکٹر باری ، مشتاق چھاپرہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس وقت سندھ حکومت کے پاس 503 آئی سی یو بیڈز ہیں جن میں وینٹی لیٹر اور 1810 ایچ ڈی یو بستر ہیں۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ ہم نے یکم جون سے 23 جولائی تک 3 لاکھ 247 ٹیسٹ کئے ہیں جس میں 62 ہزار 476 کے نتائج مثبت آئے ہیں جبکہ اسی عرصہ کے دوران کورونا سے متاثرہ 987 مریض انتقال کرگئے ہیں جبکہ 37 ہزار 98 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فروری میں روزانہ ٹیسٹوں کی صلاحیت 80 تھی جس کو بڑھا کر 14 ہزار 50 تک پہنچا دیا ہے ۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ جون کے دوسرے ہفتے میں 51086 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 15221 کیسز سامنے آئیں ، جون کے تیسرے ہفتے میں 67534 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 15095 کے نتائج مثبت آئیں، جون کے چوتھے ہفتے میں 34344 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 7975 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ۔ مراد علی شاہ نے جولائی کے پہلے ہفتے سے متعلق بتایا کہ 18934 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 4806 کے نتائج مثبت آئے ہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں