مقبوضہ کشمیر میںبھارتی غیر آئینی اقدام کیخلاف شہر قائد میںبھی ’’یوم استحصال‘‘ منایا گیا

جمعرات 6 اگست 2020 00:05

کراچی۔5 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2020ء) ملک بھر کی طرح شہر قائدمیں بھی 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمہ کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کو ایک سال مکمل ہونے پر بدھ کو بھر پور طریقے سے ’’یوم استحصال‘‘منایا گیا۔ اس موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے شہر میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا ،ریلیاں نکالی گئیں ، سیمنارز منعقد ہوئے ، پی ٹی آئی کی جانب سے کراچی تا سکھر ٹرین مارچ کا بھی اہتمام کیا گیا ۔

یوم استحصال منانے کا مقصد بھارت کے غیر آئنی اقدامات ، فوجی محاصرے اور اس دوران ہونے والے مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے یوم استحصال کے موقع پر کراچی سے سکھر تک ’’ یوم استحصال کشمیر ٹرین مارچ‘‘کا اہتمام کیا تھا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ عمران اسماعیل ٹرین مارچ کی روانگی کے موقع پر موجودتھے اور انہوں نے یوم استحصال کشمیر ٹرین مارچ کے شرکاء کو کینٹ اسٹیشن سے الوداع کیا۔

ٹرین مارچ کی قیادت پی ٹی آئی کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کررہے تھے جبکہ ٹرین مارچ کی روانگی کے موقع پر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی ، تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی ، عمائدین شہر اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیر کے پرچم تھامے تھے اور بھارتی غاصبانہ قبضہ اور مظالم کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔

کمشنر کراچی کی جانب سے یوم استحصال کے موقع پر منعقدہ ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی سندھ نے اس موقع پر کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ہم سب ایک ہے ۔ انہوں کہا کہ اس معاملہ پر حکومت ، اپوزشن اور پوری قوم متحد ہے اور متحد رہے گی ۔جماعت اسلامی نے بیت المکرم مسجد تا حسن اسکوائر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا ۔

غازی پاکستان فائونڈیشن اور پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ مذاکرے بعنوان ’’فاشٹ بھارتی حکومت کا مقبوضہ کشمیر کو غیر قانونی انضمام‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے ائیر کموڈور (ر) سید نہال عابد رضوی، معروف دفاعی تجزیہ کار بریگیڈر (ر) حارث نواز، کیپٹن ادیب زیڈ صفوی، چیئرمین غازی پاکستان فائونڈیشن ڈاکٹر راجہ غلام مصطفے بھٹی، معروف تجزیہ کار مرزاعالم بیگ، صدر انجمن گوجراں سندھ چوہدری علیم الہی، گورنر مشن ورلڈپیس ہیومن رائٹس پرنس عمیر احمد، چیئرمین آل چرچز الائنس گلریز پاشا، چیئرمین پختون یوتھ فورم سردارخان برین مہمند، چوہدری ف عدنان ظفر آرائیں، عابد حسین علوی و دیگر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر عملی طور پر ایک نازی حراستی کیمپ ہے جس میں نوجوانوں کو جعلی مقابلوں، چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کے ذریعے روزانہ مارا جاتا ہے۔

ظلم و ستم اور خاص طور پر کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل ڈیموگرافی اور کشمیر کے جغرافیہ تبدیل کرنے کے لئے بڑے منصوبے کے حصے کے طور پر شروع کیا گیا ہے۔ بھارتی مظالم کی مذمت اور کشمیری عوام کی خواہشات کی حمایت میں 5 اگست یوم سیاہ کے موقع پر مقررین نے کہا کہ کشمیر، کشمیریوں پر بھارتی فورسز کی طرف سے مظالم اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے رہیں گے۔

یوم استحصال کے موقع پر مختلف سیاسی رہنماوں ، تعلیمی اداروں کے سربراہان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی پیغامات جاری کئے جس میں انہوں نے ایک طرف بھارتی فوج کے محاصرے ، ظلم و بربریت کی مذمت کی تو دوسری جانب کشمیری بھائیوں کو حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانیاں بھی کروائیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں