کراچی، بیٹے نے جھگڑے کے دوران ماں کو کلہاڑی سے وار کر کے قتل کر دیا

ملزم نیول پولیس کی حراست میں تھا جسے واقعے کی اطلاع ملنے پر گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا ہے، پولیس

Khurram Aniq خُرم انیق جمعرات 6 اگست 2020 13:58

کراچی، بیٹے نے جھگڑے کے دوران ماں کو کلہاڑی سے وار کر کے قتل کر دیا
کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-06اگست2020ء) بیٹے نے جھگڑے کے دوران ماں کو کلہاڑی سے وار کر کے قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقع کراچی میں پیش آیا ہے جہاں ایک بدبخت بیٹے نے اپنی ہی ماں کو کلہاڑی کے وار سے قتل کر دیا ہے۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے ایس ایس پی پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملزم کا اپنی ماں سے جھگڑا ہوا تھا جس پر اس نے طیش میں آکر کلہاڑی سے ماں پر وار کیا جس سے خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔

پولیس حکام کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ ملزم نیول پولیس کی حراست میں تھا جسے واقعے کی اطلاع ملنے پر گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم ارشاد حسین سرکاری ادارے میں چیف پیٹی آفیسر ہے۔ یاد رہے کہ کچھ دن قبل بھی اسی طرح کا دردناک واقع پیش آیا تھا جس میں بیوی کو طلاق دینے پر ڈانٹنے پر بدبخت بیٹے نے باپ کو کلہاڑیوں کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

یہ واقع منڈی بہاوالدین میں پیش آیا تھا جہاں ایک بیٹے نے اپنے باپ کو ظالمانہ طریقے سے قتل کر دیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ باپ نے بیٹے کو اپنی اہلیہ کو طلاق دینے کی وجہ سے ڈانٹا تھا، اس کی ڈانت کے بعد دونوں میں لڑائی ہو گئی جو اس قدر بڑھ گئی کہ بیٹے نے کلہاڑیوں کے وار سے اپنے ہی باپ کو قتل کر دیا تھا۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ مقتول نے چھ ماہ قبل اپنے بیٹے کی شادی کی تھی، ملزم نے اپنی بیوی کو طلاق دی تو باپ نے غصے کا اظہار کیاتھا، ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا جس کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاش پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی ہے جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ والدین کی سب سے بڑی خواہش یہ ہوتی ہے کہ وہ اپنی اولاد کا گھر بستے ہوئے دیکھ سکیں، بیٹا ہو یا بیٹی، ان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ گھر بستے ہوئے دیکھیں اور ان کو اپنی زندگی میں خوش دیکھیں۔ لیکن اس طرح کے دل دہلا دینے والے واقعات کب ایک خوش گھر میں صف ماتم بچھا دیں، اس کا پتہ بھی نہیں چلتا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں