جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی پر بم حملے میں زخمی کارکن جاں بحق

رفیق تنولی جماعت اسلامی ضلع ملیر علاقہ قائدآباد کے ناظم تھے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 6 اگست 2020 14:46

جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی پر بم حملے میں زخمی کارکن جاں بحق
کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 اگست 2020ء) جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی پر بم حملے میں زخمی کارکن جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کی یوم استحصال کشمیر ریلی پر دستی بم حملہ کے نتیجے میں شدید زخمی کارکن جاں بحق ہو گیا ہے۔گذشتہ روز کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں جماعت اسلامی کے تحت کشمیر یکجہتی ریلی میں دھماکے کے نتیجے میں 39 افراد زخمی ہو گئے تھے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک تھی۔

حملے میں شدید زخمی ایک رکن علاج کے دوران انتقال کر گئے جن کی شناخت رفیق تنولی کے نام سے ہوئی جو جماعت اسلامی ضلع ملیر علاقہ قائدآباد کے ناظم تھے۔پولیس کے مطابق دھماکا ریلی کے مخالف سمت کے یونیورسٹی روڈ کے ٹریک پر ایک موٹر سائیکل میں ہوا۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی اور اور موٹرسائیکل کے قریب موجود پانچ افراد کو منتقل کرتے دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

بعض عینی شاہدین کے مطابق مبینہ طور پر ایک کار میں سوار افراد نے یوٹرن کرتے ہوئے دھماکہ خیز چیز ریلی پر پھینکی اور نیپا چورنگی کی جانب فرار ہوگئے تاہم سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی کے مطابق تین سے چار افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ دوسری جانب ریسکیو حکام نے کہا کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب دھماکے میں39افراد زخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جبکہ دھماکے سے قریبی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔عینی شاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی کی یوم استحصال کشمیر ریلی میں دستی بم پھینکا گیا، ریلی بیت المکرم مسجد سے حسن اسکوائر کی جانب جارہی تھی جبکہ دھماکا حافظ نعیم الرحمن کی تقریر کے دوران ہوا جماعت اسلامی کے رہنما معراج الہدی کا کہنا تھا کہ دھماکا کرکے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے، ریلی جاری رہے گی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کررہی ہے، را کے ایجنٹوں نے ریلی میں حملہ کرکے بزدلانہ کارروائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے جذبوں کو ختم نہیں کیا جاسکتا، کارکن پولیس انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ادھرایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں