سندھ حکومت کاروباری طبقے کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے، حنید لاکھانی

سندھ حکومت کے پاس چھوٹے کاروباری حضرات کا کوئی ڈیٹا نہیں ہے،سربراہ بیت المال سندھ

جمعرات 6 اگست 2020 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کاروباری طبقے کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے ، کاروباری طبقے کی مشکلات کو سنجیدگی سے لیکر حل کرنے کے بجائے ان کو پریشان کیا جارہا ہے ، سندھ حکومت کے پاس چھوٹے کاروباری حضرات کا کوئی ڈیٹا نہیں ہے ،صوبائی حکومت کاروباری طبقے کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسمارٹ لاک ڈائون اور حفاظتی تدابیر کے ساتھ کاروبار کھل چکے ہیں جس سے کروناوائرس کی روک تھام بھی ہوئی اور لوگوں کا روزگار بھی چلتا رہا لیکن سندھ میںغریبوں اور مزدوروں کا استحصال کیا جارہا ہے جس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے ، کاروباری سرگرمیوں کی بند ش کیوجہ سے پورے سندھ میں تاجر برادری شدید مالی مشکلات کا شکار ہے ، وفاقی حکومت کی اسمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی کی وجہ سے کرونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی ہے جو کہ نہایت خوش آئند ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دوسرے صوبوں میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ کاروبار کھول دیا گیا ہے تا کہ چھوٹا کاروباری طبقہ جو شدید مشکلات کا شکار ہیں ان کی پریشانیوں میں کمی آسکے جبکہ سندھ حکومت نے ابھی تک نہ تو کوئی پالیسی بنائی ہے اور نہ ہی ان کے پاس کوئی پلان ہے جس کے تحت مارکیٹیں اور کاروبار کھولا جاسکے، اس وقت کراچی کی تاجر برادری اور بڑے چھوٹے کاروباری حضرات سراپا احتجاج ہیں کیونکہ سندھ حکومت ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیئے سنجید ہ نظر نہیں آ رہی ، کاروبار کھولنے کی بجائے تاجروں سے رشوت اور بھتہ طلب کیا جارہا ہے، کروناوائرس اور حالیہ بارشوں سے ہونے والی تباہی میں کراچی کے تاجروں کو شدید نقصان ہوا ہے اور اگر کسی جامع پالیسی کے ساتھ کاروبار کھولنے کے اقدامات نہ کیے گئے تو پاکستان کا معاشی حب کہلانے والے شہر کے تاجر بھی کہیں فاقوں کا شکار نہ ہو جائیں ، انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت پاکستان کے کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کر رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ کراچی میں موجود کچرے سمیت دیگر مسائل کو بھی حل کرنے کے لیئے اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ یہ تمام کام صوبائی حکومت کے کرنے کے ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف سندھ کی عوام کو نہ تو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر چھوڑے گی اور نہ سندھ حکومت کو عوام کے ساتھ زیادتی کرنے دیگی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں