صوبے میں شجر کاری مہم کا آغاز9 اگست سے ہوگا، پانچ سال میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف پورا کریں گے، گورنر سندھ

جمعہ 7 اگست 2020 00:35

کراچی۔6 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صوبے میں شجر کاری مہم کا آغاز9 اگست سے کیا جائے گا، مہم میں ٹائیگر فورس کے اراکین بھرپور شرکت کریں گے، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر صوبے بھر میں شجر کاری مہم بھرپور طریقہ سے چلائی جائے گی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں گورنر ہائوس میں شجرکاری کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں صوبے میں شجر کاری ،موسمی تغیر اور اس کے اثرات ، اور شہری علاقوں میں پودے لگانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی شہزاد قریشی، میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی سید سیف الرحمان، زاہد سعید ، عدنان اصدر، فرح شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے کہا کہ موسمی تغیر سے متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے اور وزیراعظم کو موسمی تغیر سے پاکستان کے متاثر ہونے کا بھرپور ادراک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پانچ سال کے دوران 10 ارب درخت لگانے کے لئے پر عزم ہیں ۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ شجر کاری مہم میں پودے لگانے کے ساتھ لوگوں کو اس ضمن میں آگاہی کی فراہمی انتہائی نا گزیر ہے کیونکہ جب تک عام آدمی اس مہم میں شامل نہیں ہوگا شجر کاری مہم کی افادیت اجا گر نہیں ہو سکتی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں