کراچی میں طوفانی بارشوں کے باعث تشویش ناک صورتحال، متعدد افراد جاں بحق

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں دوران بارش کرنٹ لگنے سے جمعہ کے روز 4افراد جاں بحق ہو چکے، گزشتہ روز بھی 2 افراد جاں بحق ہوئے تھے

muhammad ali محمد علی جمعہ 7 اگست 2020 23:26

کراچی میں طوفانی بارشوں کے باعث تشویش ناک صورتحال، متعدد افراد جاں بحق
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست2020ء) کراچی میں طوفانی بارشوں کے باعث تشویش ناک صورتحال، متعدد افراد جاں بحق، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں دوران بارش کرنٹ لگنے سے جمعہ کے روز 4افراد جاں بحق ہو چکے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہونے والی مون سون بارشوں کے دوسرے روز بھی مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات پیش آئے جس کے نتیجے میں کچھ شہری جان کی بازی ہار گئے۔

سٹی کورٹ میں واقع سول اسپتال کے قریب کرنٹ لگنے سے 8 سالہ بچے سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ بارش کے پانی میں پھیلنے والے کرنٹ سے شہریوں کی موت واقع ہوئی۔ لانڈھی اور ماڈل کالونی میں بھی کرنٹ لگنے سے دو شہریوں کی موت واقع ہوئی۔ گزشتہ روز بھی کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ کراچی میں مون سون بارشوں کے چوتھے اور طاقتور اسپیل نے گزشتہ روز سے اپنا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں گزشتہ چند روز کی شدید گرمی کے بعد مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا آغاز ہوا ، پی اے ایف بیس فیصل میں سب سے زیادہ 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ سرجانی ٹاون میں72 اعشاریہ 7 ، صدر کے علاقے میں 70 ، ایئرپورٹ اور اطراف میں 67اعشاریہ 7 ، یونیورسٹی روڈ پر 54اعشاریہ 4، گلشن حدید میں 52 اعشاریہ 5، لانڈھی میں 43اعشاریہ 6، ناظم آباد میں 39 اعشاریہ 5، نارتھ کراچی میں 33 اعشاریہ 3 اور کیماڑی میں 22 ملی میٹر بارش بارش ریکارڈ کی گئی۔

شہر میں بارش کے بعد سندھ اسمبلی کے سامنے پانی جمع ہوگیا، سندھ سیکریٹریٹ کے داخلے دروازے بھی تالاب ما منظر پیش کرنے لگے، جبکہ احتساب عدالت، سندھ ہائیکورٹ کی پارکنگ ایریا میں پانی جمع ہے۔شہر میں موجود محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سمیت دیگر محکموں کے دفاتر میں پانی جمع ہے،سرکاری دفاتر ہونے کے باوجود صفائی کا عملہ تاحال غائب ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں