غیرقانونی تعمیرات میں ملوث عناصرکو سخت حالات کاسامناکرناپڑے گا،شہرتباہ نہیں ہونے دیںگے

ڈی جی سندھ بلڈنگ کنڑول اتھارٹی آشکار داور کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 8 اگست 2020 01:25

کراچی۔7 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2020ء) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی ای) کے ڈائریکٹرجنرل آشکار داور نے کہاہے کہ غیرقانونی تعمیرات اور قانون وفرائض کی خلاف ورزی میں ملوث اندرونی وبیرونی منفی عناصرکو سخت حالات کاسامناکرناپڑے گا،غیرقانونی تعمیرات کی حوصلہ شکنی میں کسی کے نقصان کی کوئی اہمیت نہیں ،شہرکو تباہ نہیں ہونے دیںگے۔

انھوں نے ان خیالات کااظہار لیاقت آباد ٹائون اور گلبرگ ٹائون میں غیرقانونی تعمیرات کے اچانک دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ مجھے غیرقانونی تعمیرات کی جوبھی شکایات موصول ہوگی اس جگہ پہنچوں گا اورغیرقانونی تعمیرات کے انہدام اور ملوث و سرپرست افرادکے خلاف موقع سے کارروائی کاآغاز کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

اس دوران انہوں نے لیاقت آباد 10 نمبرپر 2 عمارتوں اور گلبرگ ٹائون فیڈرل بی ایریابلاک 14اور15 میں 4 عمارتوں کا دورہ کیاجو رہائشی پلاٹس پر غیرقانونی کمرشل یونٹ/پورشنز پر مشتمل تھیں ۔

آشکار داوار نے فوری انہدامی کارروائی اور اس معاملے میں ذمہ دار افسران کے تعین اور تحقیقات کے احکامات دیتے ہوئے کہاکہ ملوث افراد کے خلاف بلارعایت فوری ایکشن لیاجائے ۔اس موقع پر ان کاکہناتھاکہ رہائشی پلاٹس پر کمرشل تعمیرات شہرکے انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے کی موجب ہیں، ان تعمیرات نے شہرکوسہولیات کی فراہمی میں بحرانی کیفیت میں مبتلاکررکھاہے، بدنما اور تعمیراتی اصولوں کے برخلاف یہ عمارتیں مستقبل قریب میں اپنی غیرمعیاری تعمیرات کے سبب جابجاخطرناک عمارتوں کو جنم دیں گی جو قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔

ڈائریکٹرجنرل نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیاکہ اس سلسلے کو ختم کرنالازم ہے ، اس میں کسی رکاوٹ یاسرمائے کے نقصان کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔انھوں نے کہا کہ غیرقانونی تعمیرات کو روکنے کے لیے فیلڈافسران اپنے فرائض کو دیانتداری سے اداکریں، غفلت ولاپرواہی کی صورت میں ملازمت سے برخاستگی سمیت سخت محکمہ جاتی کارروائی کاسامناکرناپڑے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں