عوام کی خدمت پیپلز پارٹی کے منشور کا بنیادی ستون ہے‘ صوبائی وزیر میر شبیر علی بجارانی

اتوار 9 اگست 2020 23:30

کراچی۔9 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2020ء) سندھ کے وزیر برائے دیہی ترقی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور معدنیات و معدنی ترقی میر شبیر علی بجارانی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا بنیادی ستون ہے۔ یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے اتوار کو حیدرآباد شہر کے مختلف علاقوں کے دورے موقع پر جمع ہوجانے والے عوام سے کہی۔

اس موقع پر انہوں نے لوگوں سے ان کے مسائل سنے اور ازالے کے لئے موقع پر احکامات بھی جاری کئے۔ واضح رہے کہ صوبائی وزیر میر شبیر علی بجارانی گزشتہ تینوں دن بروز جمعرات،جمعہ،ہفتہ اور اتوار کو وزیر اعلی سندھ کی ہدایات پر حیدرآباد ڈویڑن میں بارشوں کے دوران کئے گئے حکومتی امدادی اقدامات کی نگرانی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس دوران انہوں نے حیدرآباد ڈویڑن کے مختلف نالوں کی صفائی کا جائزہ لیا اور جن مقامات پر پانی رک رہا تھا ان مقامات پر فوری طورپر مشینری منگواکر چوکنگ پوائنٹس کو اپنی نگرانی میں کلیئر کرایا۔

صوبائی وزیر نے اس دوران حیدرآباد ڈویڑن کے مختلف اداروں کے افسران کے ساتھ اجلاس بھی کئے اور نکاسی آب اور بجلی کی فراہمی کے ساتھ ٹریفک کی روانی کے مئوثر اقدامات کی ہدایات دیں۔ انہوں نے خود بھی مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صورتحال سے نمٹنے کے انتظامی اقدامات کو مانیٹر کیا۔ اس دوران رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ساتھ موجود رہے۔

صوبائی وزیر میر شبیر علی بجارانی نے حکومتی افسران اور منتخب عوامی نمائندوں پر واضح کیا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عوام کی ہر ممکن مدد کرنے اور منتخب نمائندوں اور حکومتی ملازمین کو خدمت کے لئے ہمہ وقت عوام کے درمیان موجود رہنے کی ہدایات دی ہیں اور قیادت خود بھی تمام تر صورت حال کو مانیٹر کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے تمام وزرا اپنی زمہ داریوں کو موثر طور سے انجام دینے کے لئے صوبے کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں۔انہوں نے افسران سے کہا کہ عوامی شکایات کے تیز تر ازالے کے لئے مئوثر اقدامات کئے جائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں