اسلام و نظریہ پاکستان ہی ملکی سالمیت اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ 14اگست تجدید عہد کا دن ہے ،امیرجماعت اسلامی سندھ

ملک و قوم کو مسائل سے نکالنے ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کا واحد حل دیانتدار قیادت اور اسلامی نظام کا قیام ہے کیونکہ اسلام و کستان اپایک دوسرے کے ساتھ لازم و ملزوم ہیں۔محمد حسین محنتی کا گلبرگ میں پرچم کشائی تقریب سے خطاب

جمعرات 13 اگست 2020 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2020ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسلام و نظریہ پاکستان ہی ملکی سالمیت اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ 14اگست تجدید عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم لاکھوں شہداو قربانیوں اور لاالہ الاللہ کے نام سے حاصل کردہ ملک میں خون کے آخری قطرے تک شریعت کے نفاذ کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ میں پرچم کشائی تقریب کے دوران کیا۔صوبائی نائب قیم محمد مسلم،ناظم عمومی محمد دین منصوری،پروفیسر ڈاکٹر اسحاق منصوری،کامران سراج اورمجاہد چنا سمیت دیگررہنمابھی اس موقع پر ساتھ موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے جو کہ اپنے قیام کے روز اول سے اس ملک میں فرسودہ نظام کے خاتمے اور اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کیلئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

قیام پاکستان کے حوالے سے باب الاسلام سندھ کا کلیدی اوراہم کردار ہے۔ بد قسمتی سے پاکستان بننے کے بعد جتنے بھی حکمران برسر اقتدار آئے ان کی اکثریت نے قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کو پسے پشت رکھ کر اپنے ذاتی مفادات اور اغیار کے مقاصد کو پورا کیا ہے۔ یہ ہی وجہ ہے کہ آج وطن عزیز مہنگائی، کرپشن، بے روزگاری اور بیرونی یلغار سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہے۔

ملک و قوم کو مسائل سے نکالنے ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کا واحد حل دیانتدار قیادت اور اسلامی نظام کا قیام ہے کیونکہ اسلام وپاکستان ایک دوسرے کے ساتھ لازم و ملزوم ہیں۔ صوبائی امیر نے کہا کہ قیام پاکستان اللہ کا انعام ہے ہمیں اس کی قدر کرنے چاہیے۔ آزادی کی قدر و اہمیت کوئی مظلوم کشمیری و فلسطینی عوام سے پوچھے۔ انہوں نے زور دیا کہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کی تکمیل کیلئے ضرور ی ہے کہ وطن پر مر مٹنے کیلئے آج پھر 14 اگست کے جذبہ کو بیدار اور ملک میں قرآن وسنت کے نفاذ کیلئے تجدید عہد کیا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں