سندھ حکومت نے 21 ستمبر سے سکول کھولنے کا فیصلہ مئوخر کردیا

بچوں کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، اگر صورتحال بہتر رہی تو 28 ستمبر سے سکول کھول دیں گے، ایک ہفتے میں مزید صورتحال کا جائزہ لیں گے۔وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 18 ستمبر 2020 15:39

سندھ حکومت نے 21 ستمبر سے سکول کھولنے کا فیصلہ مئوخر کردیا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 ستمبر2020ء) سندھ حکومت نے 21 ستمبر سے سکول کھولنے کا فیصلہ مئوخر کردیا، وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ چھٹی تا آٹھویں کلاس کیلئے سکول کھولے جانے تھے، اگر صورتحال بہتر رہی تو 28ستمبر سے سکول کھول دیں گے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے 21 ستمبر سے چھٹی تا آٹھویں کلاس کیلئے سکول کھولنے کا فیصلہ مئوخر کردیا ہے۔

اگرصورتحال بہتر رہی تو 28 ستمبر کو مڈل کلاسز کو بلا سکتے ہیں۔ 28ستمبر میں ابھی وقت ہے، اس حوالے سے مزید سوچ بچار اور غور کریں گے۔ کسی بچے کو وائرس ہوگیا تو وائرس بہت تیزی سے پھیل سکتا ہے۔ سندھ حکومت صوبے کے بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار روز میں مختلف سکولوں کا دورہ کیا لیکن وہاں ایس اوپیز پر عمل نہیں ہورہا۔

(جاری ہے)

کاروباری مراکز میں بھی ایس اوپیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے۔ وزیر سندھ سعید غنی نے اپنے بیان میں کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ اب بھی اسکولز میں ایس او پیز پر عمل نہیں ہو رہا۔کل بھی اورنگی ٹاؤن میں 4 اسکولز سیل کیے گئے تھے۔سکولوں اور کالجوں میں 13 ہزار طلباء کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے ہیں۔88 طلباء میں کورونا مثبت آیا ہے۔اگر محسوس ہوا کہ چیزیں درست سمت میں نہیں جا رہیں تو اسکول بند کرنے میں دیر نہیں کریں گے۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ آج بھی اسکولوں کا دورہ کیا تو بچوں نے ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے۔سرکاری اسکولوں میں بھی ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔جب کہ کالجز میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں زیادہ نطر آئی ہیں۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ این سی او سی اور وزیراعلیٰ سے موجود صورتحال پر بات کروں گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں