قانون توہینِ رسالتؐ کیساتھ صحابہ و اہلبیت علیہم الرضوان کی حرمت کے قانون کا بھی مکمل نفاذ کیا جائے،مفتی منیب الرحمٰن

جمعہ 18 ستمبر 2020 18:04

قانون توہینِ رسالتؐ کیساتھ صحابہ و اہلبیت علیہم الرضوان کی حرمت کے قانون کا بھی مکمل نفاذ کیا جائے،مفتی منیب الرحمٰن
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2020ء) انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے وفد سے ملاقات کے موقع پر مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن صاحب نے کہا کہ ہم کسی کو بھی شعائر اسلام، صحابہ کرام اور اہل بیت اطہار کی شان میں گستاخی کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں، ہم بدلتے حالات کا بھرپور تدارک کریں گے، علماء و عوام اس عنوان پر متحد و متفق ہیں،مفتی صاحب نے انجمن کی کاوشوں ، طلبہ کو بہتر تربیتی ماحول فراہم کرنے۔

طلبہ کی تعلیمی و اخلاقی راہنمائی پر انجمن کی باون سالہ خدمات پر سراہا۔اس موقع پر انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے وفد نے مرکزی صدر عبدالسلام اعوان کی صدارت میں علماء اور عوام کو متحد اور متفق رکھنی, ناموس رسالت (صلی اللہ علیہ وسلم), عظمت صحابہ و محبت اہلبیت کی خاطر تمام مسلمانوں کو متحد کرنے پر مفتی صاحب کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں پھولوں کا تحفہ پیش کیا،عبدالسلام اعوان نے عصمت دری کے حالیہ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں جو بیج ڈالا گیا ہے اب اسی کی فصل کاٹی جارہی ہے،فحاشی و عریانی عصمت دری و بے راہ روی کو جنم دیتی ہے۔

(جاری ہے)

مفتی صاحب اس حوالے سے بھی قوم کی رہنمائی کریں، اداروں کی غفلت سے بڑے سانحہ جنم لیتے ہیں، ہرمسئلے کی تدبیر اور حل سے متعلق رہنمائی قرآن و سنت میں موجود ہے۔ ضرورت اس پر عمل درآمد کرنے کی ہے، قوم کی رہنمائی مسجد و مدرسے سے ہی ہو سکتی ہے ورنہ ایوان قتدار اور اپوزیشن میں لبرل و سیکولر طبقہ شراب و شباب کا رسیا ہے، جیسے حکمران ایوان قومی اسمبلی و سینیٹ کا حصہ بن رہے ہیں ویسے ہی واقعات معاشرے میں جنم لے رہے ہیں،مرکزی صدر عبدالسلام اعوان کی سکھر سے خصوصی آمد کے موقع پر وفد میں مرکزی جوائنٹ سیکریٹری نبیل مصطفائی,صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالغنی شا ہ زیب و جوائنٹ سیکرٹری بابر مصطفائی بھی ہمراہ تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں