نااہل حکمرانوں کو ہزاروں اسکول، سینکڑوں ڈسپینسریز اور اسپتالوں کا بجٹ ملتا ہے جو کرپشن کی نظر ہو جاتا ہے، مصطفی کمال

ہفتہ 19 ستمبر 2020 23:22

نااہل حکمرانوں کو ہزاروں اسکول، سینکڑوں ڈسپینسریز اور اسپتالوں کا بجٹ ملتا ہے جو کرپشن کی نظر ہو جاتا ہے، مصطفی کمال
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2020ء) حکومتی کرپشن اور نااہلی کے باعث تعلیم، صحت اور انفرا اسٹرکچر کی تباہی پر کسی ایک اسکول یا ہسپتال کو فنڈ کرنے سے بہت بہتر ہے کہ صنعت کار، تاجر برادری اور مخیر حضرات حکومت میں ایسی باکردار، قابل اور محنتی ٹیم کو پہنچائیں جہاں ہمارے ادا کردہ ٹیکس کے اربوں روپے کا نظام موجود ہے۔

کراچی کے نااہل حکمرانوں کو ہزاروں اسکول، سینکڑوں ڈسپینسریز اور اسپتالوں کا بجٹ ملتا ہے جو کرپشن کی نظر ہو جاتا ہے۔ اللہ صنعت کاروں اور تاجروں سے چھوٹی نیکی کے بجائے بڑی نیکی اور سینکڑوں لوگوں کی بھلائی کی جگہ کروڑوں کی بھلائی کا موقع فراہم کررہا ہے۔ صنعت کار، تاجر اور مخیر حضرات اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور باکردار قیادت کو اختیار دلانے کے لیے پاک سرزمین پارٹی کو بھی این جی او سمجھ کر فنڈ کریں جو نظام کو درست کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، پی ایس پی کا بھرپور ساتھ دے، جب ہم حکومت میں بیٹھیں گے تو چندہ مانگ کر مسائل حل کرنے کے بجائے عوام کے ٹیکس کے پیسوں کو بہترین انداز میں استعمال کرکے مسائل حل کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک آدھ اسکول یا ڈسپینسری کو ٹھیک کر کے ہم عوامی مسائل حل یا انفرااسٹرکچر بہتر نہیں کر سکتے۔ سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ جب تک ایماندار اور مہذب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے افراد خود کو سیاست سے لاتعلق رکھیں گے اور اجتماعیت کے ساتھ کسی ایک پلیٹ فارم پر کھڑے ہو کر خود معاملات کو سنبھالنے کے لیے آگے نہیں آئیں گے تب تک کرپٹ اور ذاتی مفادات کے لیے عوامی مفادات کا قتل کرنے والے افراد ہی عوام پر حکمران بنے مسلط رہیں گے۔

اس لیے ظالم کے ظلم کے خلاف خاموشی اختیار کرنا بھی ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ جو لوگ خود کو سیاست سے علیحدہ رکھ کر برائی کو طاقت سے روکنے میں اپنا حصہ نہیں ڈالتے وہ بھی ظالم ہیں کیونکہ انہی کی خاموشی کی وجہ سے ظالم کا حوصلہ بڑھتا ہے۔ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے تاجر رہنما وائس چیئرمین آل تاجر اتحاد رانا محمد اکرم اور سٹی تاجر اتحاد کے چئیرمین شیخ محمد عالم کی دعوت پر بولٹن مارکیٹ میں قائم عالم مارکیٹ اور اقبال کپڑا مارکیٹ سمیت دیگر مارکیٹوں کے دورے میں تاجروں سے حالیہ بارشوں کے بعد ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر رکن سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد دلاور، اراکینِ نیشنل کونسل سعید شفیق، ہمایوں عثمان راجپوت، صدر بزنس فورم سید قمر اختر نقوی جبکہ تاجروں کی نمائندگی کیلئے صدر آل تاجر اتحاد عتیق میر کی قیادت میں مختلف تاجر انجمنوں کے نمائندے موجود تھے۔تاجروں نے تباہ حال انفرااسٹرکچر اور بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات اور ماندہ کاروباری سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سید مصطفی کمال کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں