شہریوں کو کچلنے والے ٹینکر ڈرائیور کو فرار کرانے کا الزام، ٹریفک اہلکار بے گناہ قرار

پیر 21 ستمبر 2020 23:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2020ء) انکوائری افسر نے ٹریفک حادثے میں قتل کرنے والے ٹینکر ڈرائیور کو فرار کرانے کے واقعے میں ٹریفک پولیس اہلکار کو کلین چٹ دے دی۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ٹریفک حادثے کے دوران شہری کو کچلنے والے ٹینکر ڈرائیور کو فرار کرانے کا الزام ٹریفک اہلکار پر لگایا گیا تھا جس کیلیے اعلی حکام کی جانب سے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

انکوائری کمیٹی نے ٹریفک پولیس اہلکار کو کلین چٹ دیتے ہوئے بیگناہ قرار دے دیا، ساتھ ہی پولیس نے ویڈیو بناکر الزام عائد کرنے والے شخص کی تلاش شروع کردی۔شہری نے ویڈیو بناکر ٹریفک کانسٹیبل پر ملزم فرار کرانے کا الزام لگایا تھا، ٹریفک پولیس اہلکار اختر کالونی سگنل پر ڈیوٹی کررہے تھے۔نکوائری کمیٹی نے دعوی کیا کہ اہلکار حادثے کے 8 منٹ بعد وقوعہ پر پہنچے تھے، اہلکاروں کے پہنچنے سے قبل ہی واٹر ٹینکر ڈرائیور فرار ہوچکا تھا۔

انکوائری کمیٹی افسر نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج نے بھی اہلکاروں کے بے گناہ ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ ویڈیو بنانے والا انکوائری کے سامنے بیان بھی ریکارڈ کراسکتا ہے۔کمیٹی کا کہنا ہے کہ معاملے سے متعلق رپورٹ جلد ڈی آئی جی ٹریفک کو ارسال کی جائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں