کراچی،نوری آباد کے قریب وین میں آتشزدگی، 13افراد جاں بحق، 5زخمی

ہفتہ 26 ستمبر 2020 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2020ء) حیدر آباد موٹروے پر نوری آباد کے قریب مسافروین میں آگ لگنے سے 13 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے ہیں۔فائربریگیڈ حکام کے مطابق مسافر وین میں آتشزدگی کا حادثہ کراچی سے 70 کلو میٹر دور پیش آیا، جس میں20سے 22 افراد سوار تھے۔موٹروے پولیس کے مطابق آتشزدگی کا شکار ہونے والی مسافر وین حیدرآباد سے کراچی آرہی تھی،حادثے میں 1سالہ بچی معجزانہ طور پر بچ گئی جبکہ وین کا ڈرائیور بھی محفوظ رہا۔

(جاری ہے)

موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کے فوری بعد 9 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ متعدد زخمی مسافروں کو نکال لیا گیا تھا جن میں سے مزید 4 بعد میں دم توڑ گئے۔جائے حادثہ پر ریسکیو کاموں میں مصروف موٹروے پولیس نے 8 سے زائد زخمی مسافروں کو نوری آباد اسپتال منتقل کیا تھا۔دوسری طرف ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے والی مسافر وین حیدر آباد سے کراچی آرہی تھی کہ نوری آباد کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پرپہنچ گئیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں