مہاجروں کے لیے سندھی انصار کا درجہ رکھتے ہیں، ہم اپنی آنے والی نسلوں کو بتا کر مریں گے کہ سندھیوں نے ہمارے آبا اجداد کو گلے سے لگایا،مصطفی کمال

سندھی اور مہاجر مل کر پیپلز پارٹی کے سندھ کارڈ اور ایم کیو ایم کے مہاجر کارڈ کو ناکام بنا دیں۔ اپنے سندھی بھائیوں سے گزارش کرتا ہوں کہ ایم کیو ایم مہاجروں کی نمائندگی نہیں کرتی اس لیے مہاجروں کو برا کہنے کے بجائے ایم کیو ایم کو برا کہیں جو بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش کرتی ہے،چیئرمین پی ایس پی

اتوار 27 ستمبر 2020 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2020ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہاہے کہ مہاجروں کے لیے سندھی انصار کا درجہ رکھتے ہیں، ہم اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کو بتا کر مریں گے کہ سندھیوں نے ہمارے آبا اجداد کو گلے سے لگایا، مہاجر اسلام کے نام پر بننے والی ریاست آئے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت کو زندہ کیا جبکہ انہیں گلے لگا کر سندھیوں نے انصار کی سنت پر عمل کیا، اس رشتے میں نسل درنسل کسی کی سیاست کی وجہ سے دراڑ نہیں آنی چاہیے۔

سندھی اور مہاجر مل کر پیپلز پارٹی کے سندھ کارڈ اور ایم کیو ایم کے مہاجر کارڈ کو ناکام بنا دیں۔ اپنے سندھی بھائیوں سے گزارش کرتا ہوں کہ ایم کیو ایم مہاجروں کی نمائندگی نہیں کرتی اس لیے مہاجروں کو برا کہنے کے بجائے ایم کیو ایم کو برا کہیں جو بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش کرتی ہے، اسی طرح مہاجر سندھیوں کو برا بھلا بولنے کے بجائے پیپلز پارٹی کو برا بولیں ہے کیونکہ پیپلز پارٹی سندھیوں اور مہاجروں کے حقوق چھین کر ان پر ظلم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

اگر سندھی صوبے کی تقسیم نہیں چاہتے تو نہیں ہونی چاہیے۔ ۔ اس حالت میں یہ ملک نہیں چل سکتا، روزانہ 8 بچوں کیساتھ زیادتی رپورٹ ہورہی ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ہم نے عدل فراہم کرنے کے لیے جو عمارتیں بنائی ہیں وہاں ظلم ہو رہا ہے۔ کیا ظلم ہے کہ کہا جاتا ہے کہ ہم تو فیصلے کرتے ہیں انصاف اللہ کرتا ہے۔ ملک میں ڈھائی کروڑ بچہ اسکولوں سے باہر ہے۔

117 ممالک کی آبادی دھائی کروڑ سے کم ہیجب یہ بچے بڑے ہونگے تو جرائم کی طرف کیسے نہیں جائیں گے۔ ہم کل کے دہشتگرد آج بنا رہے ہیں۔ پی ایس پی کے پیش کردہ چھ نکات میں پاکستان کے 95 فیصد مسائل کا حل ہے۔ اگر کراچی اور حیدرآباد کی مردم شماری صحیح کر لی جائے اور این ایف سی ایوارڈ کی طرز پر پی ایف سی ایوارڈ کا اجرا یقینی بنا دیا جائے تو مسائل حل ہوجائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میمن مسجد، مولانا یوسف لدھیانوی شہید روڈ، میمن نگر، سیکٹر 13A، گلزارِ ہجری اور فہد اسکوائر، مولانا یوسف لدھیانوی شہید روڈ پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، اور نیشنل کونسل کے اراکین بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پر توجہ نہ دی گئی تو خدشہ ہے کہ معاملات ہر کسی کے ہاتھ سے نکل جائیں گے۔

کراچی میں مسائل کا انبار ہے جنکے حل کیلئے اصلاحات کی ضرورت ہے ملک میں اصلاحات کو سیاسی مفادات کی نظر کر دیا گیا ہے، پنجاب میں سیاسی مخالفین کے مضبوط ہونے کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جا رہے، موثر بلدیاتی نظام کے نہ ہونے کے منفی اثرات ملک بھر میں مرتب ہو رہے ہیں،عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی ہے، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے، وزیراعظم عمران خان ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیں جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں 300 فیصد تک مہنگی کر دی گئی ہیں، کسی حکمران کو مسائل کی پرواہ نہیں۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نالوں کی صفائی اور کچرا اٹھانے کے معاملات کا نوٹس لے رہے ہیں۔ چیف جسٹس اور آرمی چیف آکر کراچی کی گٹر لائنوں پر بات چیت کر رہے ہیں۔ یہ نظام ناکام ہو گیا ہے، اس نظام سے اب کوئی اچھائی کی امید نہیں۔ ایک نئے سماجی معاہدے کی ضرورت ہے۔ ملک تباہی کی جانب جا رہا ہے لیکن لوگوں کو کہو کہ کردار کی اہمیت ہے تو کہتے ہیں کہ کردار ذاتی مسئلہ ہے ایڈمنسٹریٹر اچھا ہونا چاہیے۔

لوگوں نے یہ مان لیا ہے کہ سیاست دان ہوتے ہی کرپٹ ہیں۔ ایک انسان کا کردار صحیح نہ ہو تو عوام کا بھلا کیسے کرے گا۔ پاکستان میں سارا نظام درہم برہم ہے، کچھ بھی صحیح نہیں ہو رہا۔ ہم نے امید لگائی تھی کہ ملک میں تبدیلی آئے گی لیکن مایوسی ہوئی، حکمران اپنی حکومت بچانے اور اپوزیشن حکومت گرانے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے۔ کسی کو فکر نہیں کہ عوام کی کیا حالت ہے دو وقت کی روٹی کھانا ناممکنات میں سے ہوتا جا رہا ہے۔

پولیس کے ادارے پر لوگوں کا اعتماد نہیں، انہوں نے کہا کہ گلزار حجری کی ماں، بہنوں، بزرگوں اور نوجوانوں کا مشکور ہوں اور یہ کوئی انتخابی جلسے کی تقریب نہیں، نہ ووٹ مانگنے آیا ہوں اس موقع پر چئیر مین پی ایس پی مصطفی کمال نے اسکیم 33، یوسی 29 کا دورہ کیا، علاقہ مکینوں سے ملاقات کی اس موقع پر عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا، پی ایس پی کے حق میں نعرے لگائے گئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں