سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں جلدہی بہتری لا کر عوام کو ریلیف دیا جائے گاسید ناصر حسین شاہ

کراچی ڈوبنے کا بڑا سبب تجاوزات ہیں، متبادل رہائش کے بعد گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی، وزیر بلدیات سندھ

اتوار 27 ستمبر 2020 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2020ء) سندھ کے وزیر برائے اطلاعات ، بلدیات، جنگلات وجنگلی حیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں کیونکہ وہ رزلٹ نہیں ملا جس کی توقع اور امید تھی اگرچہ ادارے نے بہت سے اچھے کام کیے مگر حکومت اور عوام کی توقع کے مطابق رزلٹ نہیں ملا۔

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کے ادارے میں بہترین افسران کی تعیناتی کے بعد امید ہے کہ ادارے کے تمام افسران دن رات کاوشوں اور محنت کے بعد مطلوبہ نتائج اور حکومت و عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکو ضلع وسطی کے تفصیلی دورے اور ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی کے دفتر میں ایک اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر اعلی سندھ کے کوآرڈینیٹر شہزادمیمن، ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی، ایم ڈی واٹربورڈ، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر بلدیات نے اس موقع پر کہا کہ کراچی ڈوبنے کا بڑا سبب تجاوزات ہیں، متبادل رہائش کے بعد تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا کسی کے ساتھ بھی زیادتی نہیں ہوگی نہ برداشت کی جائے گی۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ضلع وسطی کراچی کا سب سے بڑا ڈسٹرکٹ ہے۔ حکومت کسی بھی طور پر اسے نظر انداز نہیں کر سکتی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ضلع وسطی کی ترقی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایات ہیں جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس سلسلے میں ضلع وسطی کے لئے خصوصی فنڈز کے اجراکیلئے کے لیے ہدایات دی ہیں۔ وزیر اعلی سندھ کی بھی ہدایت ہے کہ ضلع وسطی کی جو بھی اسکیم بنے اس میں سیوریج کی ا سکیموں کوترجیح دی جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد اس پریشانی سے نجات دلائی جائے اور ان کا مسئلہ حل کیا جائے۔

اجلاس سے ضلع وسطی سے متعلق مختلف مسائل اور عوام کو درپیش مشکلات اور ان کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں نکاسی آب اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے بھی مسائل زیر غور آئے۔ بارش کے بعد انفراسٹرکچر کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں ضلع وسطی میں لوگوں کو درپیش سیوریج کے مسائل کو بھی حل کرنے کے حوالے سے تفصیلی بات کی گئی۔

صوبائی وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ پورے ضلع وسطی میں صفائی ستھرائی، سیوریج اور سڑکوں کی مرمت کے کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے اور تمام معاملات کو بہتر بنایا جائے۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے دورے کے موقع پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے النور پارک کا بھی دورہ کیا اور النور پارک میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔

صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ دورے کے دوران میں نے دیکھا کہ یہاں سیوریج کا برا حال ہے سڑکوں اور گلیوں کی حالت خراب ہے۔بارشوں سے سڑکوں پر گڈھے پڑ گئے ہیں تاہم تمام مشکلات جلد حل کرلی جائیں گیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پتا ہے کہ ضلع وسطی میں ملازمین کی تنخواہوں کا بھی مسئلہ ہے ہم ٹیکسوں کے نظام کو مضبوط بنائیں گے تاکہ ہر ضلع خود کفیل ہو سکیں اور اپنے اخراجات بھی خود برداشت کر سکے ۔

صوبائی وزیر نے چیئرمین ضلع وسطی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین ضلع وسطی بارشوں کے دنوں میں کافی فعال نظر آئے ضلع وسطی کو کراچی کا ماڈل ڈسٹرکٹ بنائیں گے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ سیاست کی جائے لیکن لسانیت کی بات نہ کی جائے ترقی کے سفر میں ایم کیو ایم سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریلیاں نکالیں لیکن لسانیت کو فروغ نہ دیں۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت سے فنڈز کم مل رہے ہیں جس کے باعث مشکلات کا سامنا ہے ہماری نیت صاف ہے بہتری کے لیے کوشاں ہیں جلد ہی کراچی سمیت پورے صوبے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا جائے گا اور تمام جاری منصوبوں کو وقت مقرر پر مکمل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں