پی آئی اے نے سعودی اقامے کی مدت ختم ہونے والی27ہزار سے زائد پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچا دیا

پروازوں سے 27ہزار 500مسافروں کو سعودی عرب پہنچایا گیا،زیادہ تر مسافروں کے اقاموں کی مدت 30 ستمبر کو پوری ہورہی تھی، ترجمان

منگل 29 ستمبر 2020 16:30

پی آئی اے نے سعودی اقامے کی مدت ختم ہونے والی27ہزار سے زائد پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچا دیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2020ء) قومی ایئر لائن(پی آئی ای) نے سعودی اقامے کی مدت ختم ہونے والی27 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچا دیا، زیادہ تر مسافروںکے اقاموں کی مدت 30 ستمبر کو پوری ہورہی تھی۔ ترجمان قومی ایئر لائن کے مطابق پی آئی اے نے 27 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچایا، 15 سے 28 ستمبر تک 91 پروازوں سے 27 ہزار 500 مسافروں کو سعودی عرب پہنچایا گیا۔

ترجمان کے مطابق زیادہ تر مسافروں کے اقاموں کی مدت 30 ستمبر کو پوری ہورہی تھی۔ترجمان کے مطابق مسافروں کی جانب سے شکایات ملیں کہ ایجنٹس ٹکٹ لے کر مہنگے داموں فروخت کر رہے تھے، مسافروں نے شکایات کی کہ رش کے باعث کرایہ 1 لاکھ 21 ہزار تک پہنچ جانے سے سخت پریشانی کا سامنا رہا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سعودی عرب میں تاحال غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت بحال نہیں کی گئی تاہم خروج و عود، ملازمت، اقامہ یا وزٹ ویزوں میں سے کوئی ایک ویزا رکھنے والے غیر ملکیوں کو 15 ستمبر 2020 سے سعودی عرب واپسی کی اجازت دی گئی ہے۔

اس حوالے سے نہایت سخت احتیاطی تدابیر جاری کی گئی ہیں جبکہ سعودی عرب واپس آنے والوں کو پہنچنے سے قبل اجازت نامہ بھی لینا ہوگا۔سعودی حکام کی جانب سے تاحال غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت کے حوالے سے کسی لائحہ عمل کا اعلان نہیں کیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں