پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے گیس کی پائپ لائن بچھانے کے حوالے سے یاداشتی خط وزیراعلیٰ ہاؤس میں جمع کرادیا

سندھ حکومت کی جانب سے پائپ لائین بچھانے کی اجازت نہ دینے سے شہر میں گیس کا بحران پیدا ہوا ہے،فردوس شمیم نقوی وزیر اعلیٰ سندھ کو اس معاملے پر12 مرتبہ یاد دہانی کروا چکے ہیں، روزانہ سندھ حکومت الگ بیان دے رہی ہے،خرم شیر زمان

بدھ 30 ستمبر 2020 00:02

کراچی۔29 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے گیس کی پائپ لائن بچھانے کے حوالے سے یاداشتی خط وزیراعلیٰ ہاؤس میں جمع کرادیا۔ منگل کوخط جمع کروا نے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کراچی کے بگڑے ہوئے حالات کو وفاق درست کرنے کی کوشش کررہا ہے،شہر کراچی کے اندر بجلی کے بحران کی وجہ گیس کی کمی ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے پائپ لائین بچھانے کی اجازت نہ دینے سے شہر میں گیس کا بحران پیدا ہوا ہے،5 کلو میٹر کی لائین کا رائٹ آف وے نہیں دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی وزراء اور وفاقی وزراء کی میٹنگ ہوئی ہے،صوبائی وزیر امتیاز شیخ کی طرف سے اس اہم معاملے پر کوئی خاص جواب نہیں ملا، ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ حکومت فوری سوئی گیس کو رائٹ آف وے دے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پا کستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہاکہ ہم وزیر اعلیٰ سے درخواست کرنے آئے ہیں،سوئی گیس کو رائٹ آف وے دیا جائے،سوئی گیس انتظامیہ وزیر اعلیٰ سندھ کو اس معاملے پر12 مرتبہ یاد دہانی کروا چکے ہیں، روزانہ سندھ حکومت الگ الگ بیان دے رہی ہے،پیپلز پارٹی کی قیادت سے کہنا چاہتے ہیں کہ سیاست اپنی جگہ لیکن عوام کو تکلیف نہ دی جائے،کراچی سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی یہاں آئے ہیں،سندھ حکومت سوئی گیس کو پائپ لائن بچھانے کی اجازت دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی مفاد کی خاطر وزیراعلیٰ اپنا کردار ادا کریں گے،سندھ کو اس کا حق ضرور ملنا چاہیے،ہم امید کرتے ہیں کہ کراچی کے شہریوں کے اس اہم مسئلے کو مد نظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت سوئی گیس کو پائپ لائن بچھانے کی اجازت دے گی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان، اراکین قومی اسمبلی فہیم خان، اکرم چیمہ،اراکین صوبائی اسمبلی جمال صدیقی، ارسلان تاج، راجہ اظہر، ڈاکٹر سنجے، علی عزیز جی جی، شاہنواز جدون، عمر عماری، بلال غفار، کریم بخش گبول، ڈاکٹر عمران شاہ، شہزاد قریشی، رابستان خان ، ڈاکٹر سیما ضیاء ، رابعہ اظفراور دیگر موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں