سندھ حکومت تاجروں اورصنعت کاروں کی ترجمانی کرے گی، اسی مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی کے صنعتی زونز کوفنڈرفراہم کیے جائیں گے،مرتضیٰ وہاب

بدھ 30 ستمبر 2020 03:37

کراچی۔29 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2020ء) سندھ حکومت کے ترجمان، مشیر قانون، ساحلی ترقی و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت تاجروں اورصنعت کاروں کی ترجمانی کرے گی، اسی مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی کے صنعتی زونز کوفنڈرفراہم کیے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں جاری ترقیاتی کاموں کاجائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے اسٹریٹ لائٹس کے پراجیکٹ کا افتتاح بھی کیا اور نارتھ کراچی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی ( نکائی ) کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر نکائی کے سی ای او صادق محمد، چیئرمین بورڈ فراز مرزا، پروجیکٹ ڈائریکٹر سید عثمان علی و یگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مرتضیٰ وہاب نے کہا کے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت صنعتوں کو فروغ دینا چاہتی ہے، اسی سلسلے میں نارتھ کراچی صنعتی زون کو گرانٹ مہیا کی گئی اور نارتھ کراچی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی نے نہایت ایمانداری کے ساتھ اس گرانٹ کا استعمال کیا اور یہاں پر ترقیاتی کام کروائے ، نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے جائیں جس کے لیے سندھ حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔

مرتضیٰ وہاب نے یہاں ہنگامی بنیادوں پر صفائی کے کاموں کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ ہفتے سے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں صفائی کے کاموں کا آغازکیا جائے گا۔ نارتھ کراچی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی ( نکائی ) کے سی ای او صادق محمد نے کہا کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں ترقیاتی کام حکومت ِ سندھ کی جانب سے ملنے والی گرانٹ کے تحت بخوبی انجام دیے گئے ہیں،ترقیاتی فنڈز کو شفاف طریقے سے استعمال کرکے نارتھ کراچی صنعتی ایریا کی اندورنی سڑکوں کی معیاری تعمیر کی گئی۔

انہوں نے کہاکہ صنعتی علاقے کی انفرااسٹرکچر کی ترقی اور بحالی کے لیے تو فنڈز مختص کر دیے جاتے ہیں لیکن انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال کے لیے کوئی فنڈ مختص نہیں کیے جاتے جس کی وجہ سے وقت گزرنے کے ساتھ معاملہ خرابی کی طرف چلاجاتاہے ، اگر دیکھ بھال ومرمت کی مد میں سالانہ گرانٹ مہیا کی جاتی رہے تو ہمیں صنعتی علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے مزید کسی گرانٹ کی ضرورت نہیں پڑے گی لہٰذا ایسی قانون سازی کی جائے کہ صنعتی علاقو ں سے حاصل ہونے والا پراپرٹی ٹیکس ٹاؤن ایسو سی ایشنز کو دیا جائے تاکہ یہ رقم صنعتی علاقوں کے انفرا اسٹرکچر کی دیکھ بھال میں استعمال ہو سکے۔

چیئرمین بورڈ نکائی فراز مرزا نے کہا کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا کے انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال کے لیے ویجی لینس ٹیم بنائی گئی ہے ہماری حکومت ِ سندھ سے درخواست ہے کہ اس ویجی لینس ٹیم کو کسی پالیسی کے تحت نوٹیفائی کیا جائے تاکہ ٹیم بلا کسی رکاوٹ اپنا کام جاری رکھ سکے۔ نکائی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سید عثمان علی نے کہا کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں انوائرمنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ موجود ہے تاہم اس کو قابل استعمال بنانے کی ضرورت ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں