اسٹیل ملز ملازمین کے لیے ’گولڈن ہینڈ شیک‘ پلان منظور کرلیا گیا

ای سی سی نے گولڈن ہینڈ شیک کے لیے 19 ارب 65 کروڑ روپے فنڈزکی منظوری دے دی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 30 ستمبر 2020 14:49

اسٹیل ملز ملازمین کے لیے ’گولڈن ہینڈ شیک‘ پلان منظور کرلیا گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 ستمبر2020ء) اقتصادی رابطہ کمیٹی کی طرف سے اسٹیل ملز ملازمین کے لیے ’گولڈن ہینڈ شیک‘ پلان منظور کرلیا گیا ۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ای سی سی نے گولڈن ہینڈ شیک کے لیے 19 ارب 65 کروڑ روپے فنڈزکی منظوری دے دی ، جس کے تحت اسٹیل ملز کے 49 فیصد ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک ملے گا ۔ تفصیلات کے مطابق مشیرخزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا ، جس میں اسٹیل ملز ملازمین کے لیے ’گولڈن ہینڈ شیک‘ کی پلان منظوری دی گئی ، اجلاس میں اسٹیل ملز کےنان پٹیشنرزملازمین کوواجبات کی ادائیگی کےلیے11.6ارب روپےکی منظوری بھی دی گئی ۔

یاد رہے کہ حال ہی میں حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کی پراپرٹیز کو لیز پر دینے کا فیصلہ بھی کیا تھا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستان ا سٹیل ملز کی اراضی کو لیز پر دینے کا طے پایا ہے اور اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں 32 پراپرٹیز کی نشاندہی کی گئی ہے ، نشاندہی کردہ 32 میں سے 5 پراپرٹیز نیا پاکستان ہاوَسنگ اتھارٹی کو دیدی گئی ہیں ان پانچ پراپرٹیز پر کم آمدنی والے افراد کے لیے سستے گھر بنائے جارہے ہیں ، غیر استعمال شدہ پراپرٹیز کی فروخت کا عمل اگلے ہفتے سے شروع ہوگا جبکہ اسٹیل ملز کے مجموعی نقصانات 350 ارب روپے کے ہیں ۔

وفاقی وزیر نجکاری نے بتایا کہ نجکاری کمیشن 17 سے 19 اداروں کی نجکاری پر کام کررہا ہے ، جن کے حوالے سے وفاقی کابینہ سے حتمی منظوری کے بعد پیش رفت شروع ہوگی جبکہ روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کو بحال کریں گے اسے فروخت نہیں کیا جائے گا تاہم کے الیکٹرک کے معاملات آئندہ ایک2 ماہ میں حل کرلیے جائیں گے ، کے الیکٹرک کی ملکیت اور واجبات سمیت مختلف مسائل درپیش ہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں