بیرون ممالک سفر کرنے والوں کے لیے آپریشنل ایس اوپیز جاری

جمعرات 1 اکتوبر 2020 01:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2020ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی سفر کرنے والوں کے لیے آپریشنل ایس او پیز جاری کردی ہیں۔سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ آپریشنل ایس او پیز 5 اکتوبر سے 31 دسمبر تک نافذ العمل ہوں گی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مسافروں کے لیے پاس ٹریک ایپ کا آغاز کیا گیا ہے، 5 اکتوبر سے مسافروں کو پاس ٹریک ایپ ڈان لوڈ کرنا لازمی ہوگا، سفر سے قبل مسافر ایپ میں اپنا ڈیٹا اپ لوڈ کرنے کے پابند ہوں گے۔

سی اے اے حکام کے مطابق جن مسافروں کے پاس جدید فون کی سہولت موجود نہیں وہ روانگی سے قبل ویب سائٹ پر ڈیٹا اپ لوڈ کریں گے۔ایوی ایشن ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ پاس ٹریک ایپ میں کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ بھی اپ لوڈ کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کیٹیگری بی میں شامل ممالک کے مسافروں کو 96 گھنٹے پہلے منفی ٹیسٹ دکھانا ہوگا جبکہ کورونا کیٹیگری اے میں شامل ممالک کے مسافروں کو استثنی حاصل ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مسافروں کی سہولت کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا گیا تھا۔سی اے اے کے مطابق نئے ایس او پیز کا اطلاق 31 اکتوبر تک ہوگا، اطلاق ڈومیسٹک، انٹرنیشنل پروازوں، چارٹر، پرائیویٹ طیاروں پر یکساں ہوگا۔حکام کا کہنا تھا کہ پروازوں پر مسافروں کو مختص نشست تبدیل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، انٹرنیشنل پرواز پر بورڈنگ پاس ایک نشست کے وقفے سے جاری کیے جائیں گے، آف ڈیوٹی عملے کو بھی نشستیں ایک نشست کے فاصلے سے الاٹ کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں