کراچی سے اڑان بھرنے والی نجی ائیرلائن کے طیارہ کا انجن دوران پرواز فیل ہوگیا

شہر قائد سے اسلام آباد کیلئے مقامی ائیرلائن کی پرواز نمبر 504 نے اڑان بھری تو 20 منٹ بھی انجن میں خرابی پیدا ہوگئی، پائلٹ نے ائیربس 330 طیارے کو بروقت جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کروا کر تباہ ہونے سے بچا لیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 1 اکتوبر 2020 20:54

کراچی سے اڑان بھرنے والی نجی ائیرلائن کے طیارہ کا انجن دوران پرواز فیل ہوگیا
کراچی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین- 01 اکتوبر2020ء) کراچی سے اڑان بھرنے والی نجی ائیرلائن کے طیارہ کا انجن دوران پرواز فیل ہوگیا، شہر قائد سے اسلام آباد کیلئے مقامی ائیرلائن کی پرواز نمبر 504 نے اڑان بھری تو 20 منٹ بھی انجن میں خرابی پیدا ہوگئی، پائلٹ نے ائیربس 330 طیارے کو بروقت جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کروا کر تباہ ہونے سے بچا لیا۔

تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مقامی ائیرلائن کے مسافر طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نجی ائیرلائن کے طیارے ائیربس 330 نے کراچی سے اسلام آباد کیلئے اڑان بھری تھی۔ اڑان بھرنے کے 20 منٹ بعد ہی پرواز 504 کے انجن میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔

(جاری ہے)

طیارے کا ایک انجن فیل ہوگیا ہے جس کے بعد پائلٹ نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو تباہی سے بچایا۔

پائلٹ نے انجن میں فنی خرابی پیدا ہونے کے بعد فوری طور پر کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا۔ کنٹرول ٹاور سے ہدایات لینے کے بعد پائلٹ نے ائیربس 330 طیارے کا رخ ائیرپورٹ کی جانب واپس موڑا اور بروقت لینڈنگ سے طیارے کو تباہی سے بچا لیا۔ ہنگامی لینڈنگ کے بعد طیارے کے انجن کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ تصدیق کی گئی ہے کہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران طیارے میں موجود کسی مسافر کا عملے کے رکن کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں