ویکسین شدہ تمام بچوں کا ریکارڈ باقاعدگی سے مرتب کیاجائے، نجم احمد شاہ

منگل 20 اکتوبر 2020 15:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) سیکرٹری بلدیات، حکومت سندھ نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں ویکسینیٹ ہونے والے تمام بچوں کا ریکارڈ باقاعدگی سے مرتب کیا جائے، پرائیوٹ اسپتالوں اور ڈسپنسریوں کو فراہم کی جانے والی ویکسین کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار نجم احمد شاہ نے محکمہ لوکل گورنمنٹ سندھ اور یونیسف کے تعاون سے چلنے والے ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن پراجیکٹ کے حوالے منعقد کردہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں یونیسیف، محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن پراجیکٹ کے تحت سندھ کے مختلف اضلاع میں پیدائش کے فوری بعد ہی نومولود کی پیدائش کے اندراج کے لئے پراسس کا آغازکردیا جاتا ہے اور مختلف اسپتالوں میں قائم برتھ رجسٹریشن ڈیسک اس حوالے سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

نجم احمد شاہ کے استفسار پر ان کو بتایا گیا کہ پیدا ہونے والے ہر بچے کی رجسٹریشن کا سافٹ وئیر نادرا کے مرکزی ڈیٹا بیس سے منسلک ہے جس سے بعد ازاں بچے کو تعلیمی و پیشہ ورانہ معاملات میں دستاویز کے حصول میں خاطر خواہ مدد حاصل ہوتی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات سندھ نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں کے تعاون سے جاری مختلف منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان کے ثمرات سے عوام کا مستفید ہونا نہایت ضروری امر ہے جس میں کوئی رعایت نہیں ہوسکتی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے محکمہ صحت کے افسران سے کہا کہ سرکاری یا پرائیوٹ اسپتالوں سے ویکسینیٹ ہونے والے تمام بچوں کا مکمل ریکارڈ پوری شفافیت کے ساتھ سرکاری کھاتوں کا حصہ بننا چاہئے اور جن اسپتالوں یا ڈسپنسریوں کو ویکسین اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں ان کا تمام ریکارڈ باقاعدگی سے مرتب کیا جانا چاہئے۔

نمائندہ خصوصی سے بات کرتے ہوئے نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے حکومت سندھ کے ساتھ صحت اور تعلیم کے متعدد منصوبوں میں شراکت داری کے تحت کام کررہے ہیں جن کا براہ راست فائدہ صوبے کی عوام کو پہنچ رہا ہے۔ محکمہ بلدیات سندھ اپنے تمام بیرونی فنڈنگ سے چلنے والے منصوبوں میں بروقت تکمیل اور شفافیت کو اہمیت دیتا ہے لہذا کوئی شک نہیں کہ سندھ کی عوام کی بہبود کی خاطر شروع کئے جانے والے منصوبوں کے دیر پا اثرات لوگوں کے لئے خوش آئند اور منافع بخش ثابت ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں