آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے چھٹی پر جانے کا فیصلہ مؤخر کردیا

آئی جی سندھ پولیس نے دیگر افسران کو بھی 10 دن کے لیے چھٹی کی درخواست مؤخر کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، آرمی چیف کے مشکور ہیں جنہوں نے پولیس کی دل شکنی کا احساس کیا، سندھ پولیس کا اعلامیہ جاری

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 20 اکتوبر 2020 23:53

آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے چھٹی پر جانے کا فیصلہ مؤخر کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اکتوبر2020ء) آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے اپنی چھٹی کا فیصلہ مؤخر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق آئی جی سندھ نے اپنی چھٹی کی درخواست مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی جی پولیس نے دیگر افسران کو بھی 10 دن کے لیے چھٹی کی درخواست مؤخر کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ سندھ پولیس کے مطابق چھٹی کی درخواست مؤخر کرنے کا فیصلہ وسیع تر ملکی مفاد کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سندھ پولیس کے افسران نے انکوائری مکمل ہونے تک چھٹی کا فیصلہ مؤخر کیا ہے۔ سندھ پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا گیا ۔

(جاری ہے)

سندھ پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک بے ساختہ اور دلی ردعمل تھا۔

18 اور 19 اکتوبر کی درمیانی رات ہونے والے واقعے سے دلی صدمہ ہوا۔ پولیس کے تمام شعبوں میں اس واقعے سے تشویش پائی جا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم آرمی چیف کے مشکور ہیں جنہوں نے پولیس کی دل شکنی کا احساس کیا ۔ سندھ پولیس ہمیشہ منظم اور فعال رہی ہے۔ محکمہ کے ہر فرد کو بے عزتی پر شدید صدمہ ہوا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سندھ پولیس ہیڈکوارٹرز پہنچ گئے ۔

بلاول بھٹو آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر سے ملاقات کے لیے آئی جی ہاؤس پہنچے۔ آئی جی سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ موجود ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی جی ہاؤس میں چھٹی پر جانے والے تمام افسران بھی موجود ہیں ۔ ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر کی بلاول بھٹو سے ملاقات کے دوران سینیئر افسران بھی موجود ہیں ۔

ملاقات کے دوران بلاول بھٹو نے آئی جی سندھ کو کام جاری رکھنے کی تلقین کی ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ایک تصویر کے ساتھ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے لکھا کہ " میں سندھ پولیس کے ساتھ کھڑا ہوں، کیا آپ بھی ؟ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلاول بھٹو آئی جی سندھ اور سندھ پولیس کے سینیئر افسران کے ہمراہ کھڑے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں