کراچی میں دھماکہ:رہائشی عمارت گرنے سے 7ہلاک20سے زائدزخمی

دھماکے کی نوعیت کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا‘ابتدائی تفتیش میں دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا. پولیس حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 21 اکتوبر 2020 12:18

کراچی میں دھماکہ:رہائشی عمارت گرنے سے 7ہلاک20سے زائدزخمی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اکتوبر ۔2020ء) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد7تک پہنچ گئی ہے جبکہ عمارت کے ملبے سے مزید زخمی نکالے جانے کے بعدزخمیوں کی تعداد20سے زائد ہوگئی ہے. ریسکیو ذرائع کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے مسکن چورنگی کے قریب دھماکہ ہوا ہے دھماکہ کی آواز دور تک سنی گئی ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں اب تک20افراد زخمی ہوچکے ہیں اور عمارت سے زخمیوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے ‘ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے سے مزید لاشیں اور زخمی مل سکتے ہیں.

(جاری ہے)

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے کو ہٹانے کا کام جاری ہے تاہم ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ امدادی کاروائیاں کب تک مکمل کرلی جائیں گی زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اور قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا. دھماکہ گلشن چورنگی کے قریب عمارت میں ہوا جس کے باعث عمارت کا ایک حصہ گر گیا اور رہائشی عمارت کی پہلی اور دوسری منزل کو نقصان پہنچا دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ دھماکے سے پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچادھماکے کے بعد قریبی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی.

دھماکے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ جائے وقوع پر پہنچنے کے بعد دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لے رہا ہے عینی شاہد بینک ملازم نے کہا کہ دھماکہ پہلی یا دوسری منزل پر 10 بجے کے قریب ہوا اور جس وقت دھماکہ اس وقت بینک میں 20سے22 افراد موجود تھے.

ایس ایچ او تھانہ مبینہ ٹاﺅن نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر دھماکہ سلنڈر کا لگ رہا ہے تاہم دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے آئی جی سندھ مشتاق مہر نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی. وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مسکن چورنگی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کر لی اور زخمیوں کی فوری طبی امداد کا بندوبست کرنے کی ہدایت کر دی مراد علی شاہ نے صوبائی وزیر سعید غنی کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بھی امدادی کام تیز کرنے کی ہدایت کی.

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کراچی دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں.

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں