وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس افسران کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی

بدھ 21 اکتوبر 2020 20:58

وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس افسران کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2020ء) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیس افسران کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ ترجمان وزیراعلی ہاؤس کے مطابق وزیراعلی سندھ نے پولیس کے اعلیٰ افسران کو وزیراعلی ہاؤس میں طلب کیا تھا۔جس پر اعلیٰ پولیس افسران نے مراد علی شاہ سے سی ایم ہاؤس میں ملاقات کی۔اس ملاقات میں آئی جی سندھ مشتاق مہر، ایڈیشنل آئی جیز اور ڈی آئی جیز موجود تھے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ پولیس کی صوبے میں امن امان کی بحالی کے لیے بڑی قربانیاں ہیں، پولیس نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے خاص طورپرکراچی میں امن بحال کیا اور دہشت گردی کے بڑے واقعات میں اہم گرفتاریاں کیں۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں پولیس کی خدمات، قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا معترف ہوں، سندھ حکومت اپنی پولیس کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں ساتھ ہے اور کسی صورت پولیس کیحوصلے پست نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس افسران کو کام جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اپنے بھرپور جذبے کے ساتھ پیشہ ورانہ، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ طریقے سے کام جاری رکھے، حکومت نے پولیس کو ہمیشہ آزادانہ کام کرنے کی ہدایت کی ہے، سندھ حکومت پولیس کے باقی معاملات کو خود دیکھے گی، پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ کا ہر مرحلے پر پولیس کی رہنمائی کرنے اور ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ #

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں