وزیراعلیٰ سندھ سے نامور علماء کرام کی ملاقات ربیع الاول کے جلوسوں کیلئے انتظامات پر بات چیت

کے ایم سی ، تمام ڈپٹی کمشنرز ، واٹر بورڈ اور ضلعی کونسل ماہ ربیع الاول کے دوران اپنی خدمات کو بہتر بنائیں، مراد علی شاہ

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 21:51

وزیراعلیٰ سندھ سے نامور علماء کرام کی ملاقات ربیع الاول کے جلوسوں کیلئے انتظامات پر بات چیت
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2020ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ربیع الاول کے جلوسوں کے انتظامات پر بات چیت کرنے اور اسے حتمی شکل دینے کیلئے نامورعلمائے کرام سے ہفتہ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر سعید غنی ، مشیر قانون مرتضی وہاب ، معاون خصوصی وقار مہدی ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شہلوانی ، کمشنر کراچی سہیل راجپوت ، ایم ڈی واٹر بورڈ ، ڈی آئی جییوسف زئی نے شرکت کی۔

اجلاس میں شریک علمائے کرام میں مفتی منیب رحمان ، پیر سید مظفر شاہ ، مفتی نذیر جان نعیمی ، علامہ اشرف گورمانی ، شاہ عبد الحق قادری ، مولانا سلیم عطاری ، جماعت اہلسنت کے وفد جس کی قیادت حاجی حنیف طیب نے کی، شبیر قاضی کی زیرقیادت نظامی مصطفی پارٹی کے تین رکنی وفد شامل تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺنے ہمیں بھائی چارے ، رواداری اور دوسروں کیلئے احترام کا سبق سکھایا۔

انہوں نے کہا 12 ربیع الاول کے موقع پر ہمیں محبت ، اخوت، بھائی چارے اور ایک دوسرے کیلئے احترام کے پیغام کی تعلیمات دینی چاہئے۔وزیراعلی ٰسندھ نے صوبے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مضبوط بنانے کیلئے مختلف مکتب فکر کے علمائے کرام کی کاوشوں کو سراہا۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ انتظامیہ کو پہلے ہی صوبہ بھر میں ربیع الاول کے جلوسوں کے گذرگاہوں پرتمام ضروری سہولیات کی فراہمی کی ہدایت دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا میں نے کے الیکٹرک اور دیگر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو بھی ربیع االاول کے جلوسوں اور محفلوں کے موقع پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ پہلے ہی پورے سندھ میں ربیع الاول کے جلوسوں اور محفلوں کے حفاظتی انتظامات پر بات چیت کرنے اور حتمی شکل دے چکے ہیں۔ انہوں نے کے ایم سی ، تمام ڈپٹی کمشنرز ، واٹر بورڈ اور ضلعی کونسل کو ہدایت کی کہ وہ ماہ ربیع الاول کے دوران اپنی خدمات کو بہتر بنائیں۔انہوں نے جلد ہی وزیراعلیٰ ہاؤس میںسیرت میلاد النبیﷺ کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں