شہر قائد کی تاریخ کے سب سے جدید ٹرانسپورٹ منصوبے کا اعلان کر دیا گیا

ترکی کے تعاون سے کراچی میں ٹرام سروس کی بحالی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، ٹرام میٹروپول کے علاقے سے آئی آئی چندریگر روڈ تک چلے گی: ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 24 اکتوبر 2020 21:45

شہر قائد کی تاریخ کے سب سے جدید ٹرانسپورٹ منصوبے کا اعلان کر دیا گیا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اکتوبر2020ء) کراچی میں دہائیوں بعد جدید ٹرام سروس کے دوبارہ آغاز کا امکان، شہر قائد میں جدید ٹرانسپورٹ سروس کے آغاز کیلئے ترکی نے مدد کی پیش کش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق مناسب ٹرانسپورٹ سہولیات سے محروم پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی کے شہریوں کیلئے ترکی کی جانب سے بڑی پیش کش کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ترکی شہر قائد میں دہائیوں بعد دوبارہ سے ٹرام سروس شروع کرنے کے سلسلے میں مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخارشالوانی کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ترکی کی مدد سے شہر قائد میں جلد ٹرام سروس کی بحالی کے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی کے مطابق کراچی کو استنبول کی طرح سیاحتی شہر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترکی کی مدد سے میٹرو پول کے علاقے سے آئی آئی چندریگرروڈ تک ٹرام چلائی جائے گی۔

اس کے علاوہ ترکی نمائش سے ٹاور تک ٹرام چلانے کیلئے بھی تعاون پر تیار ہے۔ صوبائی حکومت کے حکام کا کہنا ہے ٹرام سروس چلنے سے کراچی کی تاریخی حیثیت بحال ہوگی،کراچی کو پھر استنبول کی طرح سیاحتی شہر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی کے حوالے سے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت نے کھربوں روپے کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔ اس پیکج کے تحت کراچی میں سرکلر ریلوے سمیت دیگر کئی جدید ٹرانسپورٹ منصوبوں کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ اعلانات کراچی کے عوام کی جانب سے مسلسل آواز بلند کیے جانے کے بعد کیے گئے۔ ملک کا معاشی حب ہونے اور ملک کے سب سے بڑے شہر کی حیثیت رکھنے کے باوجود کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام تباہ حالی کا شکار ہے۔ شہر میں حکومت کی جانب سے کوئی پبلک ٹرانسپورٹ نہیں چلائی جاتی۔ 12 سال سے سندھ میں حکومت کرنے والی پیپلز پارٹی کی حکومت نے ان 12 سالوں کے دوران کراچی شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے ایک بھی سرکاری بس نہیں چلائی۔ شہر کا واحد ماس ٹرانزٹ منصوبہ بھی وفاقی حکومت کی جانب سے تعمیر کیا جا رہا ہے، تاہم کئی برس سے زیر تعمیر یہ منصوبہ بھی اب تک مکمل نہیں ہو سکا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں