صوبائی حکومت اپنے چارٹر کے تحت کام کرنے والی جامعات کی نگرانی اور انکاجائزہ لے گی،وزیراعلی سندھ

منگل 27 اکتوبر 2020 23:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے چارٹر کے تحت کام کرنے والی جامعات کی نگرانی اور انکاجائزہ لے گی جبکہ اسکی منظوری وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے پاس ہوگی۔ تاہم صوبائی حکومتوں اور ایچ ای سی کے مشترکہ عملدرآمدی منصوبے کا مسودہ تیار کیا جاسکتا ہے جسے منظوری کیلئے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے ڈاکٹر فتح مری کے ہمراہ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ان کے ہمراہ ممبر (او اینڈ پی) ہائر ایجوکیشن کمیشن بھی موجود تھے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ، سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈزعلم الدین بلو ، ایڈیشنل سیکرٹری یو اینڈ بی معین الدین صدیقی اور وزیراعلیٰ سندھ کے ایڈیشنل سکریٹری بدر الدین شیخ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں نے اپنی صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشن قائم کردی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی اپنی ایچ ای سی ہے اس لئے کاموں اور قائدکی تقسیم کو تعین کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا جامعات کی نگرانی اور تشخیص کا کام صوبائی حکومت کے پاس ہے اور منظوری وفاقی ایچ ای سی کا اختیار ہے۔انھوں نے کہا کہ وفاقی ایچ ای سی ،صوبائی ایچ ای سی اور صوبائی یونیورسٹیز اینڈ بورڈ کے محکموں کے مشترکہ ورک پلان کو تیار کرنے کے حوالے سے تجاویز پیش کریں تاکہ کام ، اسائنمنٹ اور اتھارٹی کی تقسیم کو واضح کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ورک پلان کی منظوری کیلئے اسے سی سی آئی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی ووفاقی اور صوبائی ایچ ای سیز تعلیم کے معیار میں بہتری لانا چاہتی ہیں۔چیئرمین نے صوبائی اور وفاقی دونوں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مابین تعطل کا عملی حل تلاش کرنے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کی دلچسپی کی تعریف کی۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں