کراچی،وزیر اعلیٰ سندھ سے چارج ڈی افیئرز برائے امریکی مشن پاکستان انجیلا ایگلر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

منگل 27 اکتوبر 2020 23:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چارج ڈی افیئرز برائے امریکی مشن پاکستان انجیلا ایگلر نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ان کے ہمراہ کراچی میں امریکی قونصل جنرل راب سیبراسٹن بھی تھے، وزیر اعلیٰ سندھ نے دورہ کرنے والے سفارت کار سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ شدید بارش نے حیدرآباد اور میرپورخاص ڈویڑن میں ہزاروں افراد کو بے گھر کردیا ہے۔

انہوں نے ڈونر ایجنسیوں اور یو ایس ایڈ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے موقع پر لوگوں کی مدد کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انکی حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے پر ہم نے اسکول بند کردیئے تھے جسکے نتیجے میں وائرس پھیل نہیں سکا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے امریکی امداد کے تحت چلنے والے ضلع جیکب آباد میں جیکب آباد انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور واٹر سپلائی سکیم اور تعلیم کے شعبے میں دیگر منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دورے پر آئے مہمان نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ امریکی حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں سندھ کی مدد کرے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے دورہ کرنے والے سفارت کار کو روایتی تحائف پیش کیے اور انکا شکریہ ادا کیا۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں