مصطفی کمال کا معصوم بچے بچیوں کے ساتھ زیادتیوں کے بعد قتل کئے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار

درندہ صفت مجرمان کھلے عام معصوم بچے بچیوں کیساتھ زیادتی کرکے انہیں قتل کررہے ہیں اور پھر ثبوت ضائع ہونے پر بری ہورہے ہیں، مصطفی کمال

پیر 23 نومبر 2020 23:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2020ء) چیئرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفی کمال نے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں معصوم بچے بچیوں کیساتھ زیادتیوں اور زیادتی کے بعد قتل کے واقعات میں بے تحاشہ اضافے پر شدید تشویش و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا بھیانک و قبیح واقعات کو ناصرف حکومتی نااہلی اور بے حسی کا شاخسانہ قرار دیا بلکہ بڑھتے واقعات کا سبب براہِ راست بلدیاتی نظام کی غیر موجودگی کو قرار دیا۔

درندہ صفت مجرمان کھلے عام معصوم بچے بچیوں کیساتھ زیادتی کرکے انہیں قتل کررہے ہیں اور پھر ثبوت ضائع ہونے پر بری ہورہے ہیں، اس ظلم کی زمہ دار ریاست ہے۔ دھڑا دھڑ موبائل ایپس اور اسمبلیوں میں قوانین بنانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا جب تک اس طرح کے مکروہ افعال کی روک تھام، مجرمان کی نشاندھی اور گرفتاری کے لیے نظام بنا کر نافذ نہیں کیا جائے گا، پاک سر زمین پارٹی صرف مسائل ہی نہیں بلکہ مسائل کے وہ قابل عمل حل تجویز کرتی ہے جو مسائل کو جڑ سے ختم کرنے میں معاونت فراہم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بلدیاتی حکومت کے زیرِ انتظام کمیونٹی پولیسنگ کا نظام اور محلہ کمیٹیوں کا نظام رائج کرکہ بچوں کیساتھ زیادتی و قتل جیسے سنگین، مکروہ و قبیح جرائم کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔ حکمران جتنی دیر سے ہماری بات مانیں گے اتنا ہی زیادہ نقصان ملک و قوم کو اٹھانا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ویسٹ سے سینکڑوں خواتین کی پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کیا۔

مصطفی کمال نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن اقتدار کی رسہ کشی چھوڑیں اور ان بے بس و لاچار والدین کی طرف متوجہ ہوں جنکی معصوم اولادوں کو زیادتی کے بعد قتل کیا جارہا ہے اور جو صبح شام حکمرانوں کو بد دعائیں دے رہے ہیں۔ حکمران یاد رکھیں کہ مظلوم کی آہ عرش ہلا دیتی ہے تو انکے اقتدار کی کرسی کی کوئی حیثیت ہی نہیں۔ آج اگر موثر بلدیاتی نظام کے نیچے کمیونٹی پولیسنگ اور محلہ کمیٹیاں موجود ہوتی تو محلے کے درندہ صفت لوگوں پر نظر ہوتی، معصوم بچے بچیوں محفوظ ہوتے اور مجرمان قبیح جرائم کا سوچتے ہوئے فوری گرفتاری اور عبرتناک انجام سے گھبراتے۔

حکمران مثالی بلدیاتی نظام بنانے کا اعلان تو کرتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہمارے نام نہاد جمہوری حکمرانوں کو اختیارات نیچے منتقل کرتے ہوئے جان نکل جاتی ہے، افسوسناک امر یہ ہے کہ جمہوری حکمران ہی ملک بھر میں بلدیاتی حکومتوں پر شب خون مارتے ہیں جسکا خمیازہ عوام بھگتے ہیں۔ پاک سر زمین پارٹی عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ امید کرتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان بلدیاتی حکومتوں کے انتخابات کے اعلان سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور جلد از جلد عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدام اٹھائیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں