بلاول بھٹو زرداری کورونا کا شکار ، ٹیسٹ مثبت آگیا

چیئرمین پیپلزپارٹی نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا ، عوام سے ماسک پہننے اور احتیاط کی اپیل کردی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 26 نومبر 2020 10:14

بلاول بھٹو زرداری کورونا کا شکار ، ٹیسٹ مثبت آگیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 نومبر2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی عالمی وباء کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ، ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا ، چیئرمین پیپلزپارٹی نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ انہیں معمولی علامات ہیں ، تاہم وہ گھر سے کام جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی جماعت پیپلزپارٹی کے فاوَنڈیشن ڈے کے موقع پر ویڈیولنک کے ذریعے سے خطاب کریں گے۔ اپنے پیغام میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماسک لازمی پہنیں اور کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاط بھی کی جائے۔
واضح رہے کہ چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خود کو قرنطینہ کرنے کی خبریں گذشتہ روز سے ہی گردش کر رہی تھیں کیوں کہ یہ خبر آئی تھی کہ قریبی ساتھی میں کرونا تشخیص ہوئی تھی ، میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان بلاول ہاؤس جمیل سومرو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، جمیل سومرو میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد پیپلز پارٹی کے چئیرمین اور دیگر کچھ رہنماؤں نے فوری خود کو قرنطینہ کر لیا تھا ، بلاول بھٹو اور دیگر پی پی رہنما اگلے چند روز تنہائی میں گزاریں گے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ جمیل سومرو عمومی طور پر ہر وقت بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ رہتے ہیں، اسی لیے حالیہ کچھ روز کے دوران ان کے ساتھ ملاقات کرنے والے تمام افراد نے خود کو قرنطینہ کر لیا ، جس کے بعد بلاول بھٹو اور دیگر پی پی رہنماؤں نے اپنے کورونا ٹیسٹ بھی کروائے جن کی رپورٹ آنے پر تصدیق ہوئی چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی عالمی وباء میں مبتلا ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں