دبئی سے نیب کے نام پر سرکاری افسران کو بلیک کرنے والے جعل ساز سے متعلق انکشاف

ہفتہ 28 نومبر 2020 16:41

دبئی سے نیب کے نام پر سرکاری افسران کو بلیک کرنے والے جعل ساز سے متعلق انکشاف
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) قومی احتساب بیورو(نیب)کے اعلی ترین افسران کے نام پر سندھ کے سرکاری افسران کو بلیک میل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، اس سلسلے میں دبئی سے نیب کے نام پر سرکاری افسران کو بلیک کرنے والے جعل ساز کے بارے میں تفصیلات سامنے آ گئیں۔ذرائع کے مطابق نیب حکام نے جعل ساز خالد حسین سولنگی سے متعلق چیف سیکرٹری سندھ کو خط لکھ کر بتایا ہے کہ چیئرمین اور ڈی جی نیب کے نام پر افسران کو دبئی سے بلیک میل کر کے پیسے وصول کیے جا رہے ہیں، اس لیے جعل ساز خالد سولنگی کے متعلق تمام سرکاری افسران کو ہدایت جاری کی جائے۔

خط کے متن کے مطابق مذکورہ جعل ساز کے زیر استعمال درجنوں ٹیلی فون نمبرز سے بھی چیف سیکریٹری کو آگاہ کر دیا گیا، خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ چیئرمین اور ڈی جی کے نام پر کال کرنے والے کی فوری نیب آفس میں اطلاع دی جائے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایاکہ نیب نے جعل ساز خالد سولنگی کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جعل ساز نے سرکاری افسران سمیت اہم تاجروں کو بھی بلیک میل کر کے ان سے کروڑوں روپے دبئی میں وصول کیے۔

ذرائع کے مطابق ملزم نے تازہ واردات میں گزشتہ ماہ ایک سرکاری افسر اور ایک تاجر سے 5 کروڑ اور ایک مہنگی گھڑی نیب افسر بن کر لی تھی۔خط کے مطابق مذکورہ شخص اپنے آپ کو نیب کا نمائندہ بتاتا ہے، وہ اس وقت دبئی میں مقیم ہے اور خود کو چیئرمین نیب کا پرسنل اسسٹنٹ ظاہر کر رہا ہے، اس کی جانب سے نیب کیسز میں گرفتار یا نیب کیسز کے حوالے سے افسران کو اور ان کے اہل خانہ سے کیس سیٹل کروانے پر پیسے طلب کیے جا رہے ہیں۔نیب کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ نیب کا کوء بھی نمائندہ شہریوں یا کسی اور کو کال کرنے کا اختیار نہیں رکھتا، نیب نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ شخص کے شکار افسران کو ہدایت کی جائے کہ وہ اس جعل ساز شخص سے ہوشیار رہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں