بلدیاتی انتخابات میں لاڑکانہ سے پی ٹی آئی ہی جیتے گی، وفاقی وزیر اسد عمر کا دعویٰ

سندھ کے عوام کو کچھ نہیں مل رہا، چند خاندانوں کی دولت بڑھ رہی ہے، سندھ میں زرداری حکومت کے دن ختم ہوتے جارہے ہیں، انٹرویو

اتوار 29 نومبر 2020 11:55

لاڑکانہ/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2020ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں لاڑکانہ سے پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہاکہ معلوم نہیں پیپلزپارٹی بلدیاتی الیکشن کروائے گی بھی یا نہیں، بلدیاتی انتخابات ہوتے ہیں تو لاڑکانہ سے پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو کچھ نہیں مل رہا، چند خاندانوں کی دولت بڑھ رہی ہے، سندھ میں زرداری حکومت کے دن ختم ہوتے جارہے ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ تین صوبائی اسمبلیوں نے متفقہ طور پر کالا باغ ڈیم کیخلاف قرارداد منظور کیں، فی الحال کالا باغ ڈیم پر کوئی کام نہیں ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ماضی میں سندھ میں کام نہیں کرایا، سندھ کا دورہ کرکے وزیراعظم کی ہدایت پر ان علاقوں کے لیے اسکیم بنائیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ میں جاری تنظیمی رشہ کشی کا مطلب ہے کہ پی ٹی آئی کی کشتی آگے بڑھتی نظر آرہی ہے، کوئی بھی شخص ڈوبتی ہوئی کشتی میں سوار نہیں ہوتا۔اسد عمر نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر احساس پروگرام سے غریب افراد کی مدد کی، جب غریبوں میں پیسے بانٹ رہے تھے تو تب وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کورونا پھیلے گا، اب ان کو ملتان میں کورونا وائرس پھیلنے کا ڈر نہیں ہے، اپوزیشن اس وقت صرف کورونا پر سیاست کررہی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں