پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کو کسی خیراتی پیکج کے احسان کی ضرورت نہیں ہے،سید مصطفی کمال

بدھ 2 دسمبر 2020 23:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2020ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کو کسی خیراتی پیکج کے احسان کی ضرورت نہیں ہے بلکہ کراچی کو اسکا جائز حق دینے کی ضرورت ہے۔ کراچی کے مسائل پر حکمرانوں کی جانب سے اعلانات اور اجلاس ضرور ہوتے ہیں لیکن انتہائی افسوسناک امر ہے کہ ملک کے حکمران ملک کو چلانے والے کراچی کو اسکا حق دیتے ہوئے گھبراتے ہیں۔

کراچی سے کمایا پیسہ سبکو اچھا لگتا ہے لیکن وینٹیلیٹر پر آخری سانسیں لیتے کراچی کا کوئی پرسان حال نہیں۔ پوری دنیا میں کراچی جیسی ایک بھی مثال موجود نہیں جہاں ملک کے حکمرانوں نے اسی شاخ کو کاٹ رہے ہوں جس پر بسیرا کرتے ہیں۔ کراچی کا حال پاکستان کا مستقبل ہے اور اس سے فرار ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

کراچی کی ترقی میں پاکستان کی سلامتی، ترقی اور امن ہے۔

پاکستان کے ناعاقبت اندیش حکمران یہ بات جتنی جلدی سمجھ لیں اتنی بہتر ہوگی۔ پہلے کراچی کے کرپٹ اور بدکردار قیادت نے لسانی سیاست کرتے ہوئے بھائی کو بھائی سے لڑوایا، ڈاکوؤں کیساتھ مل کر کراچی کو خود لوٹا اور لاوارث بنادیا، آخر میں تبدیلی کے جھوٹے نعرے پر اہلیانِ کراچی کو دھوکا دیا گیا۔ پی ایس پی نے 8 نومبر کو باغ جناح میں موجودہ اور تمام سابقہ حکمرانوں کو واضح پیغام بھیج دیا تھا کہ اب کراچی کو لاوارث سمجھنے کی غلطی نا کی جائے۔

کراچی کو اسکا حق دیں کیونکہ اہل کراچی پاک سر زمین کے پرچم تلے متحد ہو کر اپنا حق لینا جانتے ہیں۔ پاک سر زمین پارٹی اقتدار ملنے پر ایسی قانون سازی کرئے گی کہ اختیارات و وسائل ایک وزیر اعلیٰ کے پاس محدود نہ رہ سکیں بلکہ گاؤں، گلی محلوں تک منتقل ہوں۔ ملک بھر سے محب وطن عوام جو عزت، انصاف اور اختیار چاہتے ہیں وہ پاک سرزمین پارٹی سے جڑ کر عملی کوشش کا آغاز کررہے ہیں کیونکہ وہ نااہل، کرپٹ اور ظالم حکمرانوں اور اپوزیشن سے مایوس ہوچکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکریٹریٹ پاکستان ہاؤس میں کراچی میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کی بڑی تعداد میں پی ایس پی میں شمولیت کے موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی فنانس سیکریٹری شاکر علی اور لیبر فیڈریشن کے صدر ندیم خان اور جوائنٹ انچارج محمد وسیم بھی موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پی ایس پی لیبر فیڈریشن ملک میں تیزی سے تمام اداروں میں مضبوط ہو رہی ہے، ہم ملک بھر میں ملازمین کے حقوق کے لیے عملی جدوجہد کر رہے ہیں

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں